0
Tuesday 29 Aug 2017 21:40

جماعت اسلامی کا 6 ستمبر کو امریکہ کیخلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر لانے کا اعلان

جماعت اسلامی کا 6 ستمبر کو امریکہ کیخلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر لانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چھ ستمبر کو لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لانے اور ان سے دفاع پاکستان کیلئے عہد لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کو لاکھوں نوجوان واضح طور پر پیغام دینگے کہ ہمیں امریکی غلامی کسی بھی صورت قبول نہیں، پاکستان کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے، ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں دراصل ہمارے بزدل حکمرانوں کی داخلہ و خارجہ پالیسیوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے، افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ کس منہ سے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے، عید کے بعد نئے جوش و ولولے سے کرپشن کے خلاف ایک نئی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک پاکستان بنائینگے، ایمان تقویٰ جہاد فی سبیل اللہ کا ماٹو رکھنے والی پاکستانی بہادر فوج سے لڑنا امریکہ کی بس کی بات نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپر دیر براول میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں مقامی نمائندوں سمیت سینکڑوں عمائدین نے مختلف پارٹیوں سے مستغفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان، سینیئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، ضلعی ناظم دیر صاحبزدہ فصیح اللہ، تحصیل ناظم جان عالم خان نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چھ ستمبر کو ہم کراچی سے چترال تک لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لاکر ٹرمپ اور اسکے حواریوں کو واضح پیغام دینگے کہ ہم اپنی دھرتی کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے اور مرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ٹرمپ اور اسکی حواریوں کی غلامی کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں کس جرم کی سزا ملی ہے؟، تو ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں اللہ اور اسکے رسولﷺ کے ساتھ اعلان جنگ اور بغاوت کی سزا ملی ہے، انہوں نے روضہ رسولﷺ کے سامنے میرے ساتھ وعدہ کیا کہ پاکستان جاکر ہم سودی نظام کا خاتمہ کرینگے لیکن پاکستان آکر جب ہم نے سودی نظام کے خاتمے کیلئے رٹ دائر کی تو انہوں نے ہمارے وکلاء کے مقابلے میں سودی نظام کے تحفظ کیلئے اپنے وکلاء کی ٹیم لاکر مقابلہ شروع کیا تو ہم پوچھتے ہیں کہ جو شخص اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے ساتھ اعلان جنگ کرے تو وہ کیسے فلاح پا سکتا ہے۔ نواز شریف کو اپنے کئے کی سزاء مل رہی ہے، ان کی جگہ جیل تھی لیکن سپریم کورٹ نے انہیں گھر بھیج دیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک احتساب جاری ہے اور ملکی خزانے کی لوٹی ہوئی رقوم کو بیرونی ممالک سے اپنے ملک لانے تک یہ تحریک جاری رہیگی، کچھ لوگ آئین کی دفعہ باسٹھ تریسٹھ کو نکالنے کے لیے آئین پر خودکش حملہ کرنا چاہتے ہیں مگر قوم ایسے حملوں کی مزاحمت کرے گی اور کسی کو اپنی کرپشن چھپانے اور نااہلی سے بچنے کیلیے آئین سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ باسٹھ تریسٹھ پاکستان کی سالمیت، بقا اور ملی وحدت کی ضمانت ہے۔ جو لوگ ان دفعات کو آئین سے نکالنا چاہتے ہیں وہ دراصل پاکستان کی سالمیت کو تباہ اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ ٹولہ اپنی کرپشن کو چھپانے اور چور لٹیروں کو ایوانوں تک پہنچنے کا رستہ دینے کے لیے متفقہ آئین سے ملک و قوم کو محروم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان سے بری طرح ناکام و نامراد ہو کر نکلے گا اور وہ وقت قریب آن پہنچا ہے کہ دنیا امریکہ کی یک محوری قوت کے سحر سے آزاد ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں بھارت کی تھانیداری قائم کرنے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 665344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش