0
Friday 1 Sep 2017 17:04

پشاور، عیدالاضحیٰ کے موقع پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام، اسلحہ و گولہ بارود برآمد، 87 گرفتار

پشاور، عیدالاضحیٰ کے موقع پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام، اسلحہ و گولہ بارود برآمد، 87 گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے 87 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز پشاور (ایس ایس پی) سجاد خان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی سی پی او محمد طاہر خان کی ہدایت پر خیبر ایجنسی سے ملحقہ تھانہ ریگی کی حدو د میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیادوں پر سرچ آپریشن کیا گیا جس میں پاک آرمی، پولیس کمانڈوز، ایلیٹ فورس، حساس اداروں کے اہلکاروں، بم ڈسپوزل یونٹ، لیڈیز پولیس اور سراغ رساں کتوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ خیبر ایجنسی سے ملحقہ دیہات شاگئی، علی محمد بانڈہ، نیزہ وڑئی، میاں مورچہ، بچی کورونہ، سفید سنگ، زگی غر، گلی باغ ڈھیری اور پانچولارہ میں آپریشن کے دوران 87 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضہ سے 27 راکٹ لانچر کے گولے، 24 راکٹ لانچر شیل، 17 ہینڈ گرینیڈ، 16 کلاشنکوف، 28 پستول، 9 رائفل، 6 عدد 7 ایم ایم پستول، 6 رائفل 303 بور، 3 عدد 12 بور بندوق اور 1071 عدد کارتوس برآمد کرلئے۔ سجاد خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں دہشت گردی میں ملو ث ملزمان اور ان کے سہولت کار بھی شامل ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ خیبر ایجنسی سے ملحقہ رقبہ میں پولیٹیکل انتظامیہ کی طرف سے بھی ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا اور اس میں بھی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں۔ پشاور میں ہونے والے آپریشن کی کامیابی کی وجہ سکیورٹی فورسز سمیت تمام اداروں کے مابین باہمی رابطے اور بہترین حکمت عملی تھی۔ آپریشن کے دوران تمام امن پسند لوگوں نے بھر پور تعاون کیا اور اس نوعیت کے آپریشنز اہداف کی بنیا د پر دیگر علاقوں میں بھی ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 665943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش