0
Friday 1 Sep 2017 18:52

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری، عوام کی مشکلات میں اضافہ

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری، عوام کی مشکلات میں اضافہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی دوبارہ غائب ہوگئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں کے رہائشی سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آج تھم جائے گا، تاہم عید الاضحیٰ کے دو دن موسم ابر آلود رہے گا۔ کراچی میں گزشتہ روز کی بارش نے شہر کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے۔ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کی سنگین نااہلیوں کا خمیازہ کراچی کے شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ بارشوں کے بعد اکثر علاقے پانی میں تاحال ڈوبے ہیں، دو دن کی بارش اور پانی نکالنے کا نظام نہ ہونے سے سڑکیں تباہ ہوگئیں، تاہم پاک فوج، پاک بحریہ اور سندھ رینجرز سمیت دوسرے ادارے پانی میں پھنسے لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔ حکام کی جانب سے نشیبی علاقوں سے اب تک پانی نہیں نکالا جا سکا، گڈاپ ٹاؤن کے ٹیلوں اور ڈیموں کا پانی اسکیم 33 کے مختلف علاقوں میں داخل ہوگیا، پانی کا ریلہ اسکیم 33 کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا گلستانِ جوہر کے برساتی نالے میں گر رہا ہے۔

سرجانی، نارتھ کراچی، بفرزون، سائٹ، ناظم آباد، اورنگی کے کئی علاقوں میں بھی پانی کھڑا ہے۔ کئی مرکزی شاہراہوں سے پانی صاف کر لیا گیا ہے، تاہم کورنگی ندی میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے کورنگی کریک اور کاز وے کو بند کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور سندھ رینجرز کی 15 ٹیمیں شہر سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں، پاک فوج کی ٹیمیں نکاسی آب میں سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔ غریب آباد اور لیاقت آباد انڈر پاس، ناگن چورنگی، پاور ہاؤس، اورنگی نالہ اور گجر نالہ سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل ہوگیا۔ آرمی اور پاکستان رینجرز کی ٹیم نے دونوں انڈرپاسز سے پانی نکالا، جبکہ عائشہ منزل، سہراب گوٹھ، غریب آباد انڈر پاس پر پانی نکالنے کا کام جاری، جبکہ سرجانی سیکٹر 4 بی، یوسف گوٹھ، اجتماع گاہ منگھوپیر سے بھی پانی نکالا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اندرون سندھ اور بلوچستان سے قربانی کے جانوروں کیلئے چارے کی ترسیل رک گئی ہے، جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں چارے کی قیمت بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 665955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش