QR CodeQR Code

ہمیں لندن سے دھمکیاں مل رہی ہیں، سندھ حکومت کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہوگا، فاروق ستار

2 Sep 2017 16:20

پارٹی رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ لندن سے آڈیو پیغام آئے، جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، جبکہ جنوبی افریقہ سے آنے والے معاملات بھی سب کے سامنے ہیں، ہمارے ایم پی اے اور ایم این اے غیر محفوظ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمیں لندن سے دھمکیاں مل رہی ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ سے آنے والے پیغامات بھی سب کے سامنے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پارٹی رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ اظہار کی گلی کے کونے میں پولیس کی وردی میں 3 حملہ آور موجود تھے، جنہوں نے چہرے چھپانے کیلئے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، سندھ اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر غیر محفوظ تھا، جو کہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے، جبکہ پروٹوکول ہمارا شوق نہیں ہماری ضرورت ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں لندن سے دھمکیاں مل رہی ہیں، لندن سے آڈیو پیغام آئے، جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، جبکہ جنوبی افریقہ سے آنے والے معاملات بھی سب کے سامنے ہیں، ہمارے ایم پی اے اور ایم این اے غیر محفوظ ہیں اور ہمارے گھروں پر سیکیورٹی بھی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کیسے جھنجھوڑا جائے، کیسے ذمہ داری کا احساس دلایا جائے، حکومت کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 666072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/666072/ہمیں-لندن-سے-دھمکیاں-مل-رہی-ہیں-سندھ-حکومت-کو-ہمارے-ساتھ-تعاون-کرنا-ہوگا-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org