0
Sunday 3 Sep 2017 10:36

صدر پاکستان کا گلگت میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے، الیاس صدیقی

صدر پاکستان کا گلگت میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ممنون حسین کا گلگت میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے۔ ہم اس اعلان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر پاکستان کے اس اعلان سے مخلوط نظام تعلیم سے دلبرداشتہ خواتین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ خواتین میں بڑھتے ہوئے تعلیم رجحان کے پیش نظر گرلز ہائی سکول نمبر 1 کو ڈگری کالج کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب ممنون حسین کے خواتین یونیورسٹی کے قیام کا اعلان ایک مستحسن اقدام ہے۔ علاقے کے عوام کی جانب سے ایک عرصے سے خواتین کیلئے الگ یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے اور سال 2015ء میں قانون ساز اسمبلی کے چوتھے اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء و رکن اسمبلی حاجی رضوان علی کی جانب سے خواتین کیلئے الگ یونیورسٹی کے قیام کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔ حکومت کی کوششوں سے صدر پاکستان نے جی بی کے عوام کا مذہبی رجحان کے پیش نظر خواتین کیلئے الگ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ خواتین کیلئے الگ یونیورسٹی کے قیام سے وہ خواتین جو مخلوط نظام تعلیم سے گھبرا کر اعلٰی تعلیم کے حصول سے محروم رہتی تھیں وہ یوینورسٹی کے الگ کیمپس ہونے کی صورت میں بھرپور استفادہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کے اعلان پر حکومت کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئے اور جلد سے جلد تمام فیکلٹیز سے آراستہ خواتین یونیورسٹی کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔ الیاس صدیقی نے کہا کہ اس سے قبل بھی وفاقی رہنماؤں نے گلگت بلتستان کے دوروں میں بہت سے اعلانات کئے گئے لیکن وہ سب اعلانات ہوا ہوگئے ہیں۔ اب یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کم سے کم مدت میں اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائے اور یہاں کے خواتین کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 666153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش