QR CodeQR Code

یہ تمہاری جنگ ہے اور تمہارا سر درد ہے، پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے بل بورڈ نصب

5 Sep 2017 11:50

تاجری الائنس سٹی پشاور نامی ایک تنظیم نے مختصر انداز میں یہ پیغام امریکی حکام تک پہنچانے کی کوشش کی ہے کہ افغانستان میں شروع کی گئی جنگ امریکہ کی جنگ ہے نہ کہ پاکستان کی، لہٰذا امریکی حکام اس حوالے سے پاکستان پر بلا جواز دباؤ ڈالنا بند کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے تاجر برادری کی جانب سے ایک بل بورڈ لگایا گیا ہے، جس پر (یہ تمہاری جنگ ہے اور تمہارا سر درد ہے) تحریر ہے۔ تفصیلات کے مطابق تاجری الائنس سٹی پشاور نامی ایک تنظیم کی جانب سے امریکی قونصلیٹ کے سامنے ایک بل بورڈ لگایا گیا ہے۔ اس بل بورڈ پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویر کے ساتھ یہ عبارت (یہ تمہاری جنگ ہے اور تمہارا درد سر ہے) تحریر ہے۔ یہ عبارت انگریزی میں کچھ اسطرح لکھی ہے کہ (Your war Your Headache)۔ پشاور کی اس تنظیم نے مختصر انداز میں یہ پیغام امریکی حکام تک پہنچانے کی کوشش کی ہے کہ افغانستان میں شروع کی گئی جنگ امریکہ کی جنگ ہے نہ کہ پاکستان کی، لٰہذا امریکی حکام اس حوالے سے پاکستان پر بلا جواز دباؤ ڈالنا بند کریں۔ یاد رہے کہ 22 اگست کو اپنی نئی افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالتے ہوئے دھمکی آمیز لہجے میں کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے، جس پر امریکہ خاموش نہیں رہے گا۔ امریکی صدر کے اس بیان کے بعد عوام میں امریکہ کے خلاف سخت غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔ پشاور میں آویزاں کیا گیا بل بورڈ عوامی جذبات کا ترجمان ہے۔


خبر کا کوڈ: 666553

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/666553/یہ-تمہاری-جنگ-ہے-اور-تمہارا-سر-درد-پشاور-میں-امریکی-قونصلیٹ-کے-سامنے-بل-بورڈ-نصب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org