0
Wednesday 6 Sep 2017 22:15

یوم دفاع پاکستان، ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی مزار قائد پر حاضری، بانی پاکستان و شہدائے پاکستان کیلئے فاتحہ خوانی

یوم دفاع پاکستان، ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی مزار قائد پر حاضری، بانی پاکستان و شہدائے پاکستان کیلئے فاتحہ خوانی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان شہدائے وطن کو خراج عقیدت کے عنوان سے منایا گیا، اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے دعائیں مانگی گئیں اور شہدائے پاکستان کی یاد میں خصوصی اجتماعات منعقد کئے گئے۔ اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری علی حسین نقوی، علامہ علامہ مبشر حسن، مولانا صادق جعفری، میر تقی ظفر، علامہ اسحاق قرائتی، علامہ احسان دانش سمیت ایم ڈبلیو ایم کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر پاکستان کی بقاء و سلامتی اور خوشحالی تجدید عہد اور ملک دشمنوں سے جنگ کے عزم کا دن ہے، ہم اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو اس ملک میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آج کے دن بانیان پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ و مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ اور شہدائے پاکستان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، 1965ء میں پاک افواج کے بہادر سپوتوں نے ہندوستان کے ناقابل تسخیر ہونے کے دعوے کو خاک میں ملا دیا، 1965ء کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے فوجی جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ 1965ء سے شروع ہونے والی افواج پاکستان کی استقامت و ایثار آج ضرب عضب و ردالفساد تک جاری ہے، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل گولہ باری اور پاکستانی شہریوں کی شہادتیں، ملت پاکستان اور افواج پاکستان کے عزم و حوصلے اور ولولے کے آگے رکاوٹ نہیں بن سکتیں، یوم دفاع کے روز ہمیں شہدائے وطن سے عہد کرنا ہوگا کہ اپنی جان و مال سے بڑھ کر اس ملک کی حفاظت کرنا ہوگی، حب الوطنی کے جذبے سے شرسار ہوکر ہر اس دشمن کے خلاف ہم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہے اور ہر اس اندرونی و بیرونی دشمن کو شکست دینا ہے جس کے عزائم اس پاک وطن کے خلاف ہیں۔ اس موقع پر علامہ صادق جعفری نے وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی اور شہدائے یوم دفاع پاکستان سمیت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاک افواج کے جوانوں کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 667009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش