QR CodeQR Code

انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس سے رابطہ کرنے پر طلبہ میں خوف اور بے چینی بڑھے گی، رضا ربانی

7 Sep 2017 11:43

خط میں سفارش کی گئی کہ نصاب کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور نوجوانوں میں انتہاء پسندی و تشدد روکنے کے لئے اقدامات کیے جائیں، طلبہ میں بڑھتی انتہاء پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے نصاب میں بنیادی تبدیلیاں لانے اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو خط لکھ کر ہزاروں طلبہ کا ریکارڈ حساس اداروں کے حوالے کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان کو لکھے گئے خط میں یونیورسٹی کے طلباء کا ریکارڈ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو دیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ جامعہ میں داخلے کے وقت مقامی تھانے سے کریکٹر سرٹیفکٹ لینے کے فیصلے پر تشویش ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس سے رابطہ کرنے پر طلباء میں خوف اور بے چینی بڑھے گی۔ چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی قرارداد کے مطابق طلبہ یونینز بحال کی جائیں جس سے طلبہ کی مثبت سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، ادبی اور تعلیمی سرگرمیوں سے ایک مختلف مؤقف جنم لے گا۔ خط میں سفارش کی گئی کہ نصاب کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور نوجوانوں میں انتہاء پسندی و تشدد روکنے کے لئے اقدامات کیے جائیں، طلبہ میں بڑھتی انتہاء پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے نصاب میں بنیادی تبدیلیاں لانے اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے امید ظاہر کی کہ وائس چانسلر جامعہ کراچی میرے نقطہ نظر کی روشنی میں بہتر فیصلہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 667150

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/667150/انٹیلی-جنس-ایجنسیوں-اور-پولیس-سے-رابطہ-کرنے-پر-طلبہ-میں-خوف-بے-چینی-بڑھے-گی-رضا-ربانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org