0
Friday 8 Sep 2017 11:01

پشاور پولیس نے چھاپے کے دوران فائرنگ کرکے ملزم کے والد قتل کر دیا

پشاور پولیس نے چھاپے کے دوران فائرنگ کرکے ملزم کے والد قتل کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر ماشو خیل میں پولیس نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے اقدام قتل کے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر فائرنگ کرکے اس کے باپ کو بیددری سے قتل کر دیا۔ پولیس نے متاثرہ خاندان کیلئے 3 دیگیں چاول، پختون روایت کے مطابق رقم دینے اور ایک شخص کو بھرتی کرنے کا جھانسہ دیکر معاملہ دبا دیا، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چوکی انچارج کو معطل کرکے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ماشو خیل کے رہائشی 15 سالہ عمیر خان کا کچھ عرصہ قبل علاقے میں ہیر ڈریسر کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، جس میں عمیر نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کر دیا تھا جبکہ واقعہ کے بعد عمیر روپوش ہوگیا تھا۔ گذشتہ رات بڈھ بیر پولیس نے عمیر کے گھر پر چھاپہ مارا تو اس کا والد محبت شاہ چھت پر کبوتروں کو پانی ڈال رہا تھا کہ اس دوران پولیس نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا، لیکن پولیس واقعہ کے بعد موقع سے غائب ہوگئی۔ فائرنگ کی خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور پورا علاقہ موقع پر پہنچ گیا، جنہوں نے مجروح کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کی اس کارروائی پر متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور کوہاٹ روڈ بلاک کرنے کی دھمکی دی تو پولیس حرکت میں آگئی اور موقع پر پہنچ کر مذاکرات کرتے ہوئے مہمانوں کیلئے 3 دیگیں چاول، پختون روایت کے مطابق رقم دینے اور ایک شخص کو بھرتی کرنے کا جھانسہ دیکر معاملہ دبا دیا۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ چوکی انچارج اسرار کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 667308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش