0
Friday 8 Sep 2017 19:06

کراچی، شیعہ علماء کونسل کا روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

کراچی، شیعہ علماء کونسل کا روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، کراچی میں مرکزی مظاہرہ شیعہ خوجہ اثناء عشری مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا، جس میں شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی، علامہ کرم الدین واعظی اور یعقوب شہباز سمیت ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی کا کہنا تھا کہ برمی مسلمانوں کی نسل کشی قابل مذمت ہے، میانمار میں مسلم اقلیت کا خون بہانا، مکانات و املاک اور زندہ انسانوں کو نذر آتش کرنا انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کو دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہودونصاریٰ مسلمانوں کی تباہ حالی کا تماشہ دیکھنے میں مصروف ہیں، مسلمان بچوں، عورتوں پر ظلم کی انتہاء ہوگئی ہے۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ عالمی حقوق کی تنظیموں کی جانب اس ظلم پر خاموشی اختیار کرنے سے تعصب کی بُو آرہی ہے، دنیا کے نام نہاد انصاف پسند انسانیت کے المناک ظلم پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی ظلم ہو رہا ہو، ہم اُس کی مذمت کرتے ہیں، کیونکہ مظلومین کی حمایت کرنا ہمارا منشور ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 39 ممالک کا بننے والا اسلامی فوجی اتحاد برما میں مسلمانوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے، حکومت پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو چاہیئے کہ وہ ایک ساتھ یکجان ہوکر برمی مسلمانوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدام کریں۔ علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے اتوار کو برمی مسلمانوں کی حمایت کیلئے نکالی جانے والی ریلی کی بھی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 667421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش