0
Sunday 10 Sep 2017 12:48

غدیر امیر المومنین علیؑ علیہ السلام کی ولایت کے اعلان کے طور پر تکمیل دین کی سند ہے، علامہ ساجد نقوی کا پیغام

غدیر امیر المومنین علیؑ علیہ السلام کی ولایت کے اعلان کے طور پر تکمیل دین کی سند ہے، علامہ ساجد نقوی کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے عید غدیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ روز غدیر تکمیل دین کی سند اور امیرالمومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالب ؑ کی ولایت کے اعلان کے طور پر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید غدیر کی مناسبت سے اسلامیانِ عالم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس دین کامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ہو اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمینؐ جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے ہوں، حج بیت اللہ کے بعد غدیر جیسے تاریخی میدان میں اس کی تکمیل کا زبانِ وحی سے اعلان غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے اور عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ جلد یا بدیر بالاخر دنیائے عالم کو دین حق کی جانب ہی رخ کرنا پڑے گا، کیونکہ دین اسلام ہی بالاخر انسان کی دنیوی و اخروی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ یہ دن امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی ولایت و امامت کے اعلان کا دن ہے، جنہوں نے پیغمبرؐ گرامی کے جانشین کے طور پر بعد از پیغمبر ؐ بیک وقت تطہیرِ نفس اور تطہیرِ نظام کو عملی طور پر ثابت کر دکھایا۔

آپ ؑ نے تطہیر نفس کے لئے تقوٰی، شب بیداری، عبادت، حسن سلوک، عاجزی، انکساری اور تواضع جیسی صفات اختیار کیں، جبکہ تطہیر نظام و معاشرہ کے لئے عدل و انصاف، اعتدال، توازن، حقوق کا حصول اور اسلامی نظام حیات کے نفاذ کے لئے بھرپور عملی اقدامات اٹھائے، آپؑ کے اندر ذاتی اور اجتماعی رہنمائی کے لئے تمام خصوصیات اور شرائط موجود تھیں، جس سے ایک عام انسان سے لے کر دنیا پر حکمرانی کرنے کے خواہش مند شخص کے لئے مکمل استفادے کا سامان موجود ہے اور آپؑ کی سیرت و کردار اور عمل اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عید غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ دین حق کی سربلندی اور ترویج اور امام برحق حضرت علیؑ ابن ابی طالب ؑ کے سیرت و کردار کو نمونہ عمل بناتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں گے۔
خبر کا کوڈ : 667888
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش