QR CodeQR Code

قائد اعظم محمد علی جناح کی 69 ویں برسی، سیاسی و عسکری شخصیات کی مزار قائد پر حاضری

11 Sep 2017 15:39

گورنر سندھ محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بابائے قوم کی برسی ہے یہاں حاضری دینا ہم سب کا فرض ہے، آج ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے پاکستان بابائے قوم کے خواب پر پورا اترے گا، ملک کی ترقی کے لئے معاشی ترقی بہت اہم ہے، قائداعظم نے جس طرح کا پاکستان سوچا تھا ہمیں اس پر کام کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 69 ویں برسی کے موقع پر سیاسی و عسکری شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی ہے اور ان کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 69 ویں برسی کی مناسبت سے گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے کیڈٹس کی جانب سے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بابائے قوم کی برسی ہے یہاں حاضری دینا ہم سب کا فرض ہے، آج ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے پاکستان بابائے قوم کے خواب پر پورا اترے گا، ملک کی ترقی کے لئے معاشی ترقی بہت اہم ہے، قائداعظم نے جس طرح کا پاکستان سوچا تھا ہمیں اس پر کام کرنا ہوگا، ہم قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرکے ہی ملک کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں، ہم سب کو مل کر قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائد کے خیالات پر سیاسی لیڈروں کو بھی چلنا ہوگا، انتظامی مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں انہیں حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئی جی سندھ سے کوئی تنازع نہیں، عدالتی احکامات کے مطابق کام ہورہا ہے، عدالت کا معاملہ تھا وہیں سے فیصلہ آیا اور ہم نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آج کے دن بہت بڑے لیڈر ہم سے جدا ہوئے، یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم قائداعظم کے احکامات پر پورا نہیں اتر رہے، میری پاکستانی نوجوانوں سے گزارش ہے کہ بابائے قوم کی تعلیمات پر عمل کریں۔


خبر کا کوڈ: 668198

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/668198/قائد-اعظم-محمد-علی-جناح-کی-69-ویں-برسی-سیاسی-عسکری-شخصیات-مزار-پر-حاضری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org