0
Monday 11 Sep 2017 23:52

امام بارگاہوں کے اطراف سے گندگی کے ڈھیر نہیں ہٹے تو مجالس عزاء وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد کرینگے، علامہ ناظر تقوی

امام بارگاہوں کے اطراف سے گندگی کے ڈھیر نہیں ہٹے تو مجالس عزاء وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد کرینگے، علامہ ناظر تقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے بے حسی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، پورے کراچی میں اس وقت گندگی اور غلاظت کے انبار لگے ہوئے ہیں، الزامات کی سیاست نے عوام کو پینے کے صاف پانی سے بھی محروم کر دیا ہے، عید الاضحیٰ سے پہلے سندھ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے بارشوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا، جگہ جگہ بارشوں کا پانی تالاب کی صورت اختیار کرگیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ بارشوں سے تباہ شدہ کشمیری بستی ناظم آباد گلبہار کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ قربانی کو گزرے آج کئی دن ہو چکے، مگر ابھی تک شہر کراچی کے مختلف مقامات پر آلائشیں موجود ہیں، جن سے اب تعفن اٹھ رہا ہے، کچھ علاقوں میں تو وبائی امراض پھیلنے کا بھی شدید خطرہ لاحق ہے، میئر کراچی کی کارکردگی بھی صفر پر مبنی ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ اگر عوامی نمائندے عوام کو سہولیات دینے سے قاصر ہیں، تو پھر اُن کو اپنا منصب بھی چھوڑ دینا چائیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری محلے میں آج بھی لوگ حالیہ بارشوں کے سبب اپنے اپنے گھروں میں محصور ہیں، صوبائی وزیر بلدیات کو چاہیئے کہ وہ اپنے ائیرکنڈیشنڈ روم سے باہر آئیں اور گلبہار میں کشمیری بستی و امام بارگاہ سمیت دیگر مقامات کا دورہ کریں، وہاں کی عوام کے مسائل سنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر محرم الحرام سے پہلے سندھ حکومت نے کشمیری امام بارگاہ سمیت دیگر مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف سے غلاظت اور گندگی کے ڈھیر نہیں ہٹائے، تو پھر مجالس عزاء امام بارگاہوں کے بجائے وزیراعلیٰ ہاؤس اور ریڈ زون میں منعقد کی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 668313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش