QR CodeQR Code

پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور شخص جاں بحق، تعداد 21 ہوگئی

12 Sep 2017 18:11

ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1679 افراد کے خون کی سکریننگ کی گئی جن میں 343 کے خون میں وائرس پایا گیا، پشاور کے مختلف علاقوں میں اس وقت 391 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 117 صحتیاب ہو کر گھروں کو منتقل ہو چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کے تمام تر اقدامات کے باوجود ڈینگی کو قابو نہیں کیا جا سکا، گذشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے ایک اور شخص موت کی وادی میں اتر گیا، 48 گھنٹوں میں 4 افراد کی ہلاکت کے بعد پشاور میں ڈینگی خطرناک صورت اختیار کر گیا، ڈینگی سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے، پشاور کے علاقے سربند میں محلہ شموزئی کے رہائشی 85 سالہ شمروز ولد قلندر خان میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو پشاور کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھا تاہم گذشتہ روز جانبر نہ ہو سکا، 2 دنوں میں ڈینگی سے چار افراد کی ہلاکت کے بعد پشاور میں صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی ہے اور حکومت و متعلقہ اداروں کے حفاظتی اقدامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ 
دوسری جانب پشاور سمیت صوبے کے متاثرہ اضلاع میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور کے 308 مریضوں کے ساتھ مزید 343 میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 7646 ہو گئی ہے، ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1679 افراد کے خون کی سکریننگ کی گئی جن میں 343 کے خون میں وائرس پایا گیا، پشاور کے مختلف علاقوں میں اس وقت 391 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 117 صحتیاب ہو کر گھروں کو منتقل ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 668526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/668526/پشاور-میں-ڈینگی-سے-متاثرہ-ایک-اور-شخص-جاں-بحق-تعداد-21-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org