0
Thursday 21 Apr 2011 12:05

کراچی میں دہشت گردی،شہید علامہ حسن ترابی کا داماد طاہر حسین باپ اور نانا سمیت جاں بحق

کراچی میں دہشت گردی،شہید علامہ حسن ترابی کا داماد طاہر حسین باپ اور نانا سمیت جاں بحق
کراچی:اسلام ٹائمز۔ شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں مقتول شیعہ عالم دین علامہ حسن ترابی کے داماد، پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 10 میں عثمانیہ اکیڈمی کے قریب موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے کار نمبر APL-674 پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 50 سالہ سید بشارت حسین ولد غلام علی، سید شہوار علی ولد میر حسین جاں بحق اور 24 سالہ سید طاہر حسین ولد بشارت شدید زخمی ہو گیا، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سید طاہر حسین بھی چل بسا۔ مقتولین حسین ہزارہ گوٹھ کے رہائشی تھے۔ مقتول طاہر حسین شیعہ عالم دین علامہ حسن ترابی کا داماد تھا۔ پیپلزپارٹی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید سہیل عابدی نے جسارت کو بتایا کہ مقتول پیپلزپارٹی کے کارکنان تھے اور پیپلزپارٹی واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے۔
جنگ نیوز کے مطابق عزیز بھٹی کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے کار پر فائرنگ کرکے باپ بیٹے سمیت 3 افراد کو ہلاک کر دیا، مقتولین میں تحریک جعفریہ کے مقتول رہنما کا داماد بھی شامل ہے، تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 10چنار ہاوٴس کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح دہشت گردوں نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار  45 سالہ سید بشارت حسین ولد غلام حسین اور سید شاہ سوار علی ولد امیر حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ بشارت حسین کا بیٹا طاہر حسن شدید زخمی ہو گیا جو بعد ازاں اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا دکانیں و کاروبار بند ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ایس ایچ او عزیز بھٹی چوہدری ارشاد نے بتایا کہ مقتولین سبزی منڈی میں آڑھتی ہیں اور سبزی منڈی سے اپنے گھر آ رہے تھے کہ گھر کے قریب ہی پہلے سے گھات لگائے ہوئے ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ بشارت حسین اور اس کا سسر شاہ سوار حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ بشارت کا بیٹا طاہر شدید زخمی ہو گیا جو نجی اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتولین کا آبائی تعلق پارہ چنار سے ہے اور وہ گلشن اقبال بلاک 10 چنار ہاوٴس مکان نمبر 106 کے رہائشی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول طاہر حسین تحریک جعفریہ کے مقتول رہنما علامہ حسن ترابی کا داماد تھا اور اس کی 6 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 66865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش