0
Thursday 21 Apr 2011 14:40

مفکر پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کا 73 واں یوم وفات

مفکر پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کا 73 واں یوم وفات
لاہور:اسلام ٹائمز۔ قوم آج عظیم شاعر اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا تہترواں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ عوام کی اکثریت کا کہنا ہے کہ آج کا پاکستان علامہ اقبال کے خواب سے یکسر مختلف ہے۔ اکثر لوگ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو ایک عظیم شاعر کے طور پر جانتے ہیں، مگر گنتی کے چند لوگوں کو معلوم ہے کہ اقبال نے اپنی ریسرچ اور تحریر کا آغاز قوم کی ابتر معاشی حالت اور اس کے حل کی تجاویز سے کیا، یہی وجہ ہے کہ اقبال کی پہلی تصنیف علم الاقتصاد کے نام سے منظر عام پر آئی۔ علامہ اقبال نے نہ صرف مفلسی کو سنگین مسئلہ قرار دیا بلکہ انہوں نے مسلم لیگ کو غربت کے خاتمے کا ایجنڈا ترجیحی بنیادوں پر لیکر چلنے کی ہدایت بھی کی۔ آج درپیش حالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ کمزور معیشت ہی بحرانوں کی بڑی وجہ ہے۔ مزار اقبال پر آج بھی عقیدت مندوں کی تعداد کم نہیں، یہاں آنے والے لوگ چند لمحے مزار کے باہر بیٹھ کر اس سوچ میں گم رہتے ہیں کہ آج کا پاکستان اس خواب سے بالکل مختلف ہے جو علامہ نے ایک فلاحی ریاست کی شکل میں دیکھا تھا۔ بلاشبہ شبہ لیڈروں کی بہتات نے قیادت کے فقدان کو جنم دیا ہے مگر بقول اقبال ایک دن آئے گا جب لیڈر عوام میں سے پیدا ہوں گے، اور پھر وہ لوگ رہنمائی کرسکیں گے۔ شاعرمشرق کی یہ سوچ اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ امید کی شمع بجھنے نہیں دینی چاہیے۔
مصور اور مفکر پاکستان شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا آج 73 واں یوم وفات منایا جا رہا ہے۔ علامہ محمد اقبال کی روح کے ایصال ثواب کے لئے ملک بھر کی مساجد میں فاتحہ خوانی کی جائے گی اور لاہور میں مزار اقبال پر بڑی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیں گے۔ علامہ اقبال کے یوم وفات پر لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ جن میں مقررین امت مسلمہ کے لیے علامہ محمد اقبال کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 66890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش