QR CodeQR Code

فاروق ستار میئر کراچی پر اربوں روپے کے فنڈز کی کرپشن کی تحقیقات کرائیں، وسیم آفتاب

14 Sep 2017 03:22

پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پہلے ہی اس بات کی نشاندہی کر دی تھی کہ میئر کراچی کمیشن وصول کر رہے ہیں، لیکن فاروق ستار نے میئر کراچی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، آج وہ اپنے ہی میئر سے اربوں روپے کے فنڈز کا حساب مانگ رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ فاروق ستار میئر کراچی کی کرپشن کی تحقیقات کرائیں، بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 40 افراد کی ہلاکت کی ایف آئی آر کے الیکٹرک کے سی ای او کیخلاف درج کی جائے، بارشوں اور ہاکس بے کے سانحے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وسیم آفتاب نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں حالیہ بارشوں میں 40 سے زیادہ افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار تک نہیں کیا اور نہ ہی لواحقین کے لئے جانی و مالی نقصان کے ازالے کا اعلان کیا، شاہد خاقان صرف جاتی امراء نہیں پورے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں، انہیں جب کراچی کے ووٹوں کی ضرورت پڑی تو 25 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا اور وہ بھی جھوٹا وعدہ ثابت ہوا، سندھ حکومت نے کراچی کے لئے 10ارب روپے کے فنڈ کا اعلان کیا تھا جو شہر کی تباہ حال صورتحال کے باوجود اب تک جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پہلے ہی اس بات کی نشاندہی کر دی تھی کہ میئر کراچی کمیشن وصول کر رہے ہیں، لیکن فاروق ستار نے میئر کراچی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، آج وہ اپنے میئر سے اربوں روپے کے فنڈز کا حساب مانگ رہے ہیں، اب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کو چاہیئے کہ وہ وسیم اختر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کرائیں اور کرپشن ثابت ہونے پر انہیں میئر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 668912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/668912/فاروق-ستار-میئر-کراچی-پر-اربوں-روپے-کے-فنڈز-کی-کرپشن-تحقیقات-کرائیں-وسیم-آفتاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org