0
Friday 15 Sep 2017 10:41
جماعت اسلامی کا فاٹا اصلاحات میں تاخیر کیخلاف مظاہرہ

اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرینگے، جماعت اسلامی

اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرینگے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی فاٹا کے کارکنوں نے فاٹا اصلاحات میں تاخیر کیخلاف مظاہرہ کیا۔ پشاور پریس کلب کے باہر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے ایف سی آر نامنظور، فاٹا اصلاحات میں تاخیر نامنظور، گو ایف سی آر گو کے نعرے لگائے۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی فاٹا کے نائب امیر ڈاکٹر سمیع اللہ جان، ڈاکٹر منصف خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا زاہد اللہ ترابی، جے آئی یوتھ فاٹا کے صدر شاہ جہان آفریدی اور دیگر کر رہے تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ فاٹا اصلاحات کے نفاذ کے عمل کو دانستہ طور پر پیچیدہ بنایا جارہا ہے، صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ایف سی آر کو ختم اور اصلاحات کو نافذ کیا جاسکتا ہے لیکن حکومت کچھ لوگوں کی وجہ سے تساہل برت رہی ہے۔ ایف سی آر کا خاتمہ اور اصلاحات کا نفاذ وقت اور حالات کا تقاضا ہے۔ اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرینگے۔ فاٹا کے عوام ظلم کے اس نظام کو مزید ماننے کو تیار نہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ قبائلی عوام پاکستان کے شہری ہیں اور ہر موقع پر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں لیکن یہی قبائلی عوام اپنے وطن میں بے وطن ہیں۔ حکومت ان کی پاکستانیت کو تسلیم نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام ستر سال سے غلامی کے نظام ایف سی آر کی زد میں ہیں۔ ایف سی آر کی وجہ سے قبائلی عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فاٹا 25 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کررہی ہے، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گےجبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پرامن دھرنا دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 669175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش