0
Friday 15 Sep 2017 23:26

ہم پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، طیب اردوگان

ہم پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، طیب اردوگان
اسلام ٹائمز۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے پاکستان سے غیر مشروط تعاون کو برقرار رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طورپر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق استنبول میں ترک صدر طیب اردوگان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کےدرمیان ملاقات ہوئی، ترک صدر نے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ اردوگان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طورپر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اور ترکی پاکستان کے ساتھ غیرمشروط تعاون جاری رکھے گا۔ انھوں نے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ہویا آسانی ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترک صدر نے شہباز شریف سے بات چیت کے دوران کہا کہ پنجاب میں ترکی کے تعاون پر مبنی منصوبے پاک-ترک دوستی کی زندہ علامت ہیں اورآپ کی قیادت میں پنجاب کی تعمیروترقی کا سفر لائق تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ توانائی کی فراہمی اوردہشت گردی کے سدباب کے لیے حکومت پاکستان کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ اردوگان نے اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جو کینسر کے عارضے میں لندن میں زیر علاج ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ترکی کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں ٹھوس تعاون نے دوستی کو نئی جہتوں سے آشنا کیا ہے اور آنے والا وقت پاک-ترک دوستی کے عروج کا ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ملک آئندہ بھی ہر قسم کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں ترکی کے تعاون سے بننے والے منصوبوں نے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے میں مدددی ہے اور ترکی کی قیادت نے اپنے عمل سے عوامی خدمت کی منفرد مثال قائم کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ویسٹ واٹرٹریٹمنٹ، ٹرانسپورٹ اور شمسی توانائی میں تعاون پر ترکی کے خاص طورپر شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ترکی کے وزیر معیشت نیت زبی بیکی نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ اور تجارتی تعلقات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب استنبول کے اتا ترک ائیر پورٹ پہنچے تو ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا جہاں ترکی کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ترکی میں پاکستان کے سفیر بھی شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 669366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش