0
Saturday 16 Sep 2017 03:03

جمہوریت ہی وہ واحد ضامن اور قابل عمل طرزِ حکمرانی ہے جو ایک لچکدار معاشرے کی نشونما کرتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمہوریت ہی وہ واحد ضامن اور قابل عمل طرزِ حکمرانی ہے جو ایک لچکدار معاشرے کی نشونما کرتی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی وہ واحد ضامن اور قابل عمل طرزِ حکمرانی ہے جو ایک لچکدار معاشرے کی نشونما کرتی ہے، جبکہ پائیدار جمہوریت کی چابی یہ ہے کہ تمام جمہوری ادروں کو اس طرح سے مضبوط بنایا جائے کہ وہ موثر اور جوابدہ ہوں۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے منائے جانے والے عالمی یومِ جمہوریت کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی چیئرمین نے عالمی ادارے کی جانب سے اس دن سے منسلک موضوع "جمہوریت اور تنازعات کی روک تھام" کی توثیق کرتے ہوئے زور دیا کہ مسلسل اور بلاتعطل جمہوری عمل ہی دنیا کے نقشے سے غربت، ناانصافی، انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بنا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جمہوریت ہی وہ علاج ہے جس کے ذریعے پاکستان سمیت پوری دنیا میں مستقل امن اور استحکام ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت معاشرے کے تمام حصوں کو تقویت دیتی ہے، خواتین اور کمزور طبقات کو بااختیار بناتی ہے، رواداری کو فروغ دیتی ہے اور انسانی معاشرے کو احترام اور بقائے باہمی کی بنیادوں پر استوار کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ان عالمی قوتوں نے، جنہوں نے پسماندہ ممالک میں آمریتی سانپ پالے، انسانیت کو بہت بڑا نقصان پہنچایا اور آج وہ تمام عفریتیں جن سے عالمی امن اور استحکام کو خطرہ ہے، وہ کسی نہ کسی صورت میں آمریتوں کی تخلیق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے اپنی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کے دوران پیپلز پارٹی نے بہت کچھ جھیلا ہے اور اس نے پاکستان میں آمریتوں کے خلاف لڑائی میں اپنی قیادت اور ہزاروں کارکنان کو گنوایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمریتی قوتوں کی باقیات کے خلاف وہ جنگ آج بھی جاری ہے، جو پارٹی قیادت اور کارکنان کے خلاف کیچڑ اچھالنے سے لے کر جھوٹے مقدمات، کوڑے، تعزیریں، پھانسی گھاٹ، گولیوں، بم اور میڈیا ٹرائیل تک تمام حربے استعمال کر چکے ہیں، لیکن ہم اس نعرے کے ساتھ لڑ رہے ہیں کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ہاتھوں ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے آزاد ہوا اور ہمارے سابق وزرائے اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت و عوام کے حقوق کی خاطر اپنے جانوں کی قرنبانیاں دیں اور اپنی جدوجہد کو ہماری نسل کی جانب منتقل کی۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اپنے بانیان کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور آمریتی اور سیاہ ادوار کی قوتوں کو شکست سے ہمکنار کریں گے اور جمہوریت کو مضبوط اور قانون و آئین کو بالادست بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 669383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش