0
Thursday 21 Apr 2011 18:55

قائد عوام کا استعماری قوتوں کی ایماء پر عدالتی قتل کیا گیا، بھٹو عالمی لیڈر تھے، ظاہر شاہ

قائد عوام کا استعماری قوتوں کی ایماء پر عدالتی قتل کیا گیا، بھٹو عالمی لیڈر تھے، ظاہر شاہ
پشاور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی وزیر صحت سید ظاہر علی شاہ نے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کے پانچ سوالات کی منظوری اور ان سوالات کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت سے ہونے والی سیاسی زیادتیوں کا ازالہ ہو سکے گا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا استعماری قوتوں کی ایماء پر عدالتی قتل کیا گیا جس کا ازالہ بھی ہونا چاہئے، اس ازالے کے لئے صدر مملکت نے ریفرنس پر دستخط کر کے عدالت عظمیٰ بھجوایا، جمعرات کے روز ''اے پی پی'' سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت سید ظاہر علی شاہ نے کہا کہ بھٹو قائد عوام تھے وہ بین الاقوامی شہرت یافتہ سیاسی رہنما تھے۔ انہوں نے ملک کو مستحکم کیا، ملک کو آئین دیا، عوام کو شناختی کارڈ دے کر انہیں قومی شناخت دلوائی، ملک کو مستحکم ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی اور ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کے لئے زرعی اور معاشی انقلاب کے لئے جب حقیقی جدوجہد عروج پر پہنچائی تو انہیں شہید کیا گیا۔ اس وقت ملک کے کروڑوں عوام کے جذبات سے کھیلا گیا۔ اگر ماضی میں ایک فیصلہ غلط کیا گیا ہے تو اسے درست کیا جا سکتا ہے۔ قوم کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکتا ہے،
 پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سید ظاہر علی شاہ نے ''اے پی پی'' کو بتایا کہ ملک میں مفاہمتی سیاسی عمل سے جمہوریت کو استحکام ملا ہے اور مستقبل قریب میں اس کے ثمرات سے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ سید ظاہر علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک و قوم کے استحکام کیلئے اندرونی و بیرونی خطرات کا جوانمردی سے مقابلہ کر رہی ہے اور تمام تر وسائل کی کمی اور مشکلات کے ہوتے ہوئے بھی وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد لوگوں سے روزگار نہیں چھینا، جن ہزاروں ملازمین سے روزگار چھین کر انہیں برطرف کیا گیا تھا یہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا کارنامہ ہے کہ اس نے ان تمام ملازمین کو بحال کر کے انہیں دوبارہ روزگار فراہم کیا۔
خبر کا کوڈ : 66947
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش