0
Saturday 16 Sep 2017 20:15

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی کی جماعت اسلامی کے امیر میاں آصف اخوانی سے ملاقات

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی کی جماعت اسلامی کے امیر میاں آصف اخوانی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام محرم الحرام سے قبل مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں جماعت اسلامی ملتان کے امیر میاں آصف محمود اخوانی سے ملاقات کی، اس موقع پر پر ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی اور ملک عامر کھوکھر موجود تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے ضلعی جنرل سیکرٹری صہیب عمار، الخدمت فائونڈینشن کے ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے محرم الحرام میں امن واستحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں برادران اہلسنت کی جانب سے تعاون قابل تحسین ہے، محرم الحرام میں اہلسنت برادران کو سبیلیں لگانے اور تعاون پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انتظامیہ عزاداروں کے مسائل فوری حل کرے، عزاداروں کو ہراساں کیے جانے کا عمل ختم ہونا چاہیے، ملتان میں اتحاد و وحدت کے حوالے سے تمام معتدل مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ جماعت اسلامی عالم اسلام کی بہتری اور ملکی سلامتی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے، ملتان میں تمام جماعتوں کے اتحاد سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام منعقدہ امام حسین محسن انسانیت سیمینار''کی دعوت دی جسے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر نے قبول کیا۔
خبر کا کوڈ : 669605
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش