QR CodeQR Code

محرم میں امسال بھی پولیس انتظامیہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی، کراچی پولیس

18 Sep 2017 16:02

تمام مکاتب فکر کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی ناظم آباد نے کہا کہ مجالس و جلوس کے منتظمین کو اعتماد میں لینا ہمارا فرض ہے، لیکن وقت کی پابندی کرنا منتظمین کی ذمہ داری ہے، جہاں جہاں جلوس ہوں گے یا مجالس کا اہتمام کیا جائے گا پولیس انتظامیہ انتہائی چوکس ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی پولیس کے ڈی ایس پی ناظم آباد محمد مبین نے کہا ہے کہ ناظم آباد سب ڈویژن بالخصوص رضویہ پولیس اسٹیشن میں محرام الحرام کے پہلے عشرے میں بڑے اجتماعات ہوتے ہیں اور ذکر شہادت امام حسین کو سماعت کرنے کے لئے دور دور سے لوگ تشریف لاتے ہیں، رضویہ پولیس اسٹیشن کے ایچ اوز اور پولیس کے جوان اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دے کر میزبانی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہیں، امسال بھی پولیس انتظامیہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی، اہلیان گلبہار امن و مان کے قیام کی جدوجہد میں پولیس کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ وہ محرم الحرام کے سلسلے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے رضویہ پولیس اسٹیشن میں ہونے والے تمام مکاتب فکر کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں مختلف مذہبی، سماجی تنظیموں اور امن کمیٹی کے ممبران نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ ڈی ایس پی مبین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عوام کی جان بچائی ہے، آج بھی پولیس کے جوان ہر صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کا جذبہ، ہمت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس و جلوس کے منتظمین کو اعتماد میں لینا ہمارا فرض ہے، لیکن وقت کی پابندی کرنا منتظمین کی ذمہ داری ہے، جہاں جہاں جلوس ہوں گے یا مجالس کا اہتمام کیا جائے گا پولیس انتظامیہ انتہائی چوکس ہوگی، منتظمین اپنے مسائل سے پولیس انتظامیہ کو ہر لمحے آگاہ رکھیں، پولیس یکم محرم تا 15 محرم تک شب و روز خدمت کے لئے تیار ہوگی اور جہاں جتنی نفری کی ضرورت ہوگی وہاں فراہم کی جائے گی، تمام ایس ایچ اوز اور میں خود تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لئے بہ نفس نفیس موجود ہوں گے، ہم سب مل کر امن دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 670056

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/670056/محرم-میں-امسال-بھی-پولیس-انتظامیہ-اپنے-فرائض-کی-ادائیگی-کوئی-کوتاہی-نہیں-کرے-گی-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org