0
Monday 18 Sep 2017 23:18
عالمی عزاداری حضرت علی اصغر ع کے پلیٹ فارم سے

بین الاقوامی یوم حضرت علی اصغر ع انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، سید علی رضا

دنیا بھر کے عزاداروں کے ساتھ
بین الاقوامی یوم حضرت علی اصغر ع انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، سید علی رضا
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کے عزاداران امام حسین علیہ السلام کے ساتھ پاکستان میں بھی ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو حضرت علی اصغر علیہ السلام کی عزاداری انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ عالمی عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام اپنی نوعیت کی ایک منفرد رسم عزاداری ہے، جو عالمی سطح پر پوری دنیا میں ایک ہی دن اور ہی وقت میں برپا ہوتی ہے۔ ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ مبارک میں برپا ہونے والی یہ رسم عزاداری عالمی میڈیا اور مختلف عالمی اداروں کی توجہ کا مرکز بھی بنی ہوئی ہے۔ اب تک کہ اعداد و شمار کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں تقریبا چارہزار پانچ سو سے زیادہ مقامات پر برپا ہوتی ہے، اور ہر سال اس میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے۔ اس رسم عزاداری کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مائیں اپنے شیر خوار اور نونہال بچوں کو حضرت علی اصغر علیہ السلام سے منسوب لباس پہنا کر فرشِ عزا پر لاتی ہیں، گویا اپنے وقت کے امام سے اس بات کا اظہار کرتی ہیں کہ "اے امامِ زمان (عج) میں اپنے بچے کو آپ کے انقلاب میں نصرت و مدد کے لیے نذر کر رہی ہوں اور اس کو اپنے ظہور کے لیے جو قریب ھے انتخاب کیجے اور حفاظت فرمائیں"۔ واضح سی بات ہے کہ عزاداری کسی خاص مسلک، پارٹی، تنظیم یا ادارے کی ملکیت نہیں، بلکہ کربلا عالمی درس گاہ ہے، اور تمام انسانیت کو حق حاصل ہے کہ عزاداری برپا کرے۔ بلکل اسی طرح عالمی عزاداری حضرت علی اصغر (ع) میں بھی مائیں اور بہنیں مسلک کی قید سے بالاتر ہوکر باب الحوائج حضرت علی اصغر (ع) کی بارگاہ میں حاضر ہوتی ہیں۔ پاکستان کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں بھی اس عزاداری کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔ شیعہ ہوں یا سنی دیوبندی ہوں یا دوسرے مکتبِ فکر ہر مسلک سے تعلق رکھنے والی مائیں اور بہنیں اس عزاداری میں شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔


حضرت علی اصغر علیہ السلام عالمی کونسل کے پاکستان میں نمائندے سید علی رضا نے اسلام ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا اس سال پورے پاکستان میں کوئی سو مقامات پر رسم عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام کیلئے رجسڑیشن ہو چکی ہے۔ اس عزاداری میں نونہال عزاداروں کیلئے سبز لباس حضرت علی اصغر علیہ السلام کا ہدیہ ایران سے روانہ کیا گیا ہے۔ یہ عزاداری کی محافل پورے پاکستان میں بین الاقوامی محافل کے ہمراہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ والے دن یعنی یکم محرم الحرام کو برپا ہوں گی۔ سید علی رضا نے کہا ہماری دعوت ہے کہ آئیں اس عالمی عزاداری کے فروغ کے لئے ہمارے ہاتھوں میں ہاتھ دیں، اور اپنے اپنے علاقوں میں عزاداری کے مراسم برپا کریں۔ نونہالوں کے لباس بغیر کسی قیمت کے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس مقصد کی خاطر مختلف سوشل میڈیا پر گروپ بنائے گئے ہیں۔ بین الاقوامی عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام اسمبلی کا آفیشل ٹیلگرام گروپ اس ایڈریس پر ہے :
https://t.me/azadarialiasghar

خبر کا کوڈ : 670131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش