QR CodeQR Code

محرم الحرام سے قبل بلدیاتی و سکیورٹی مسائل حل کئے جائیں، میثم عابدی

18 Sep 2017 23:59

محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے پُرامن ملت تشیع کو دباؤ میں لانے کے بجائے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے کالعدم دہشتگرد تنظیموں اور انکے سہولتکاروں کیخلاف فوری ایکشن لے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید میثم رضا عابدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام سے قبل بلدیاتی مسائل حل کئے جائیں، سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کو بارہا متوجہ کرنے کے باوجود کراچی بھر میں جلوس ہای عزا کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں و مساجد کے اطراف کچرے، گندگی کے ڈھیر، سیوریج کے پانی کی موجودگی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں، گڑھوں کی بھرمار جیسے مسائل تاحال حل نہیں کئے جا سکے ہیں، جبکہ دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں، جسے روکنے کے بجائے صوبائی حکومت عزاداری و عزاداروں کو پرمٹ، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سمیت مختلف بہانوں سے محدود کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے پُرامن ملت تشیع کو دباؤ میں لانے کے بجائے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے کالعدم دہشتگرد تنظیموں اور ان کے سہولتکاروں کیخلاف فوری ایکشن لے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور، علامہ اظہر نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ احسان دانش، میر تقی ظفر و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

میثم عابدی نے کہا کہ وزیراعلٰی سندھ اور میئر کراچی محرم الحرام کے موقع پر حساس صورتحال کے تناظر میں بلدیاتی و عوامی مسائل کے حل اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آمدہ محرم الحرام اور کراچی سمیت سندھ بھر کی حساس صورتحال کے باوجود کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کھلے عام زور و شور سے جاری ہیں، جنہیں روکنے والا کوئی نہیں، جبکہ دوسری جانب عزاداری اور عزاداروں کو پرمٹ، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سمیت مختلف بہانوں سے محدود کرنے کی سازش کرکے پُرامن ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی سندھ، آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پُرامن ملت تشیع کو دباؤ میں لانے کی سازشوں کا نوٹس لیں اور محرم الحرام میں قیام امن کیلئے کراچی سمیت صوبے بھر میں فعال کالعدم دہشتگرد تنظیموں اور ان کے سہولتکاروں کیخلاف مؤثر حکمت عملی کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائیں، انتظامی و سکیورٹی مسائل کو حل کریں، تاکہ شہر قائد سمیت صوبے بھر کی پُرامن فضاء کو خصوصاً محرم الحرام میں سبوتاژ ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام میں کراچی سمیت سندھ بھر میں شیعہ علماء کرام و ذاکرین عظام کو خصوصی طور پر بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 670135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/670135/محرم-الحرام-سے-قبل-بلدیاتی-سکیورٹی-مسائل-حل-کئے-جائیں-میثم-عابدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org