QR CodeQR Code

آئین پاکستان کے تحت عزاداری امام حسین (ع) کی یاد منانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، علامہ شبیر میثمی

19 Sep 2017 20:06

کراچی کے نشتر پارک میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجمع اہلبیت پاکستان کے ناظم اعلٰی کا کہنا تھا کہ عزاداری امام حسین پر کسی بھی قسم کی پاپندی قبول نہیں کی جائیگی، مجالس عزاء کی اطلاع دینا کوئی عیب نہیں، لیکن مجلس عزاء کی اجازت لینا ہماری آئینی آزادی کے مخالف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجمع اہلبیت پاکستان کے ناظم اعلٰی علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا ہے کہ عزاداری امام حسین اور کربلا کی یاد 61 ہجری سے منائی جا رہی ہے، نواسہ رسول کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور نہ اسے روکا جا سکتا ہے۔ کراچی کے نشتر پارک میں پرہجوم پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان وجود میں آنے کے بعد سے چند سال پہلے تک عزاداری امام حسین عقیدت و احترام سے منائی جاتی تھی، لیکن کچھ لوگوں کو پاکستان کا امن و امان پسند نہیں، اس لئے وہ پُرامن پا کستانیوں کو اپنے دینی اور آئینی حق سے دور رکھنا چاہتے ہیں، آئین پاکستان کے تحت عزاداری امام حسین کی یاد منانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، عزاداری امام حسین پر کسی بھی قسم کی پاپندی قبول نہیں کی جائے گی، مجالس عزاء کی اطلاع دینا کوئی عیب نہیں، لیکن مجلس عزاء کی اجازت لینا ہماری آئینی آزادی کے مخالف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر نے واضح کر دیا کہ راولپنڈی عاشورا کے سانحے میں کون لوگ ملوث ہیں، تمام ثبوت فراہم ہوچکے ہیں، اس لئے ہم وزیر داخلہ پنجاب، ہوم سیکرٹری پنجاب اور وزیراعلٰی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے میں سو سے زائد عزاداران امام حسین کو جن پر قتل اور دوسرے مقدمات چلائے جا رہے ہیں، ان کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور انہیں باعزت طور پر بری کیا جائے، ساتھ ہی مجرموں کو فوری طور پر اے ٹی سی کورٹ سے قرار واقعی سزا دی جائے، ہم فوری اقدام کے منتظر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 670386

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/670386/آئین-پاکستان-کے-تحت-عزاداری-امام-حسین-ع-کی-یاد-منانے-سے-ہمیں-کوئی-نہیں-روک-سکتا-علامہ-شبیر-میثمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org