0
Wednesday 20 Sep 2017 15:01
مریم نواز اور انکے شوہر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں

کوئی اپنی سیکیورٹی فورسز کو اس طرح بدنام نہیں کرتا، جس طرح (ن) لیگ کر رہی ہے، عمران خان

کوئی وزیراعظم اپنے ملک کے خلاف اس طرح کا بیان نہیں دے سکتا
کوئی اپنی سیکیورٹی فورسز کو اس طرح بدنام نہیں کرتا، جس طرح (ن) لیگ کر رہی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں اور پاکستان کو یہاں تک پہنچانے کے ذمہ دار نواز شریف اور آصف زرداری ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے، نواز شریف 30 سال سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیج رہے تھے، جبکہ کوئی انصاف کا نظام نواز شریف پر ہاتھ نہیں ڈال رہا تھا، شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شریف خاندان نہیں کرپشن کے خلاف جنگ تھی، چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا، جبکہ پاکستان کو یہاں تک پہنچانے کے ذمہ دار نواز شریف اور زرداری ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی کرپشن سندھ میں ہوئی، اتنی کسی صوبے میں نہیں ہوئی، سندھ کا ترقیاتی فنڈ چوری ہو رہا ہے، کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا، ایک طرف پاکستانی قوم ہے اور دوسری طرف یہ ٹولہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میرا جرم کیا ہے جو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے معاملے پر میرے وارنٹ جاری کئے، جبکہ یہ اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے پاس ہوتا ہے، دنیا کی تاریخ میں ایسا کہیں نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کا کام صاف انتخابات کرانا ہے، الیکشن کمیشن نواز شریف اور آصف زرداری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی وزیراعظم اپنے ملک کے خلاف اس طرح کا بیان نہیں دے سکتا، مریم نواز اور انکے شوہر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں، اب پتہ چل گیا ہے کہ ڈان لیکس کے پیچھے کون ہے، اس میں بھی انہوں نے یہی زبان استعمال کی تھی، کوئی اپنی سیکیورٹی فورسز کو اس طرح بدنام نہیں کرتا، جس طرح (ن) لیگ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں، جنہوں نے سارے ادارے تباہ کر دیئے ہیں، ان سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں، جبکہ انصاف کیلئے ہم عدلیہ کے پاس ہی جائیں گے، یہ کرپٹ ٹولہ ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہم نے جیلوں میں ڈالنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 670593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش