0
Saturday 23 Sep 2017 23:16

امام حسینؑ کی میدانِ کربلا میں قربانی نے اسلام کو صبح قیامت تک زندہ کر دیا ہے، ثروت اعجاز قادری

امام حسینؑ کی میدانِ کربلا میں قربانی نے اسلام کو صبح قیامت تک زندہ کر دیا ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں باطل کو شکست دیکر دین اسلام کو زندہ و جاوید کیا، امام عالی مقامؑ کی سیرت و کردار سے امت مسلمہ کے قلوب قیامت تک منور ہوتے رہیں گے، واقعہ کربلا ہمیں باطل قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا درس دیتا ہے، شہدائے کربلا کی قربانی صبر و تحمل اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر سینئر کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کہ امام حسین علیہ السلام کی عظمت کے چرچے تا قیامت ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل مشن حسینی پر گامزن ہو کر ملک کو جہالت کے اندھیروں اور عوام کے حقوق دلانے کی کاوشیں کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امام حسینؑ نے سسکتی انسانیت کو جبر سے نجات دلا کر صراط مستقیم کی راہ پر گامزن رہنے کا سلیقہ سیکھایا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی میدان کربلا میں قربانی نے اسلام کو صبح قیامت تک زندہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باطل قوتوں کے خاتمے اور ملک کو انتہاپسندی و دہشتگردی سے نجات کیلئے حسینی جذبے سے سرشار ہونا ہوگا، فرسودہ نظام حکومت، سیاست، جاگیرادانہ نظام، وڈیرہ شاہی کے خلاف علم جہاد بلند کرنے والے حسینی قافلے میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم اب مزید مذہب اور عقیدے کے نام پر قتل و غارتگری برداشت نہیں کر سکتی، محرم الحرام کے دوران کسی بھی طرح کی مذہبی کشیدگی سے بچنے کیلئے سب کو یک زبان ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولؐ امام حسینؑ نے یزید کو شکست دیکر اسلام کو سربلند کر دیا، شہدائے کربلا کی یاد میں ذکر بھی عبادت ہے، آج فرعونی قوتوں سے ٹکرانے کیلئے مسلمانوں کو حسینی فکر کو زندہ کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 671422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش