QR CodeQR Code

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ’’ہفتۂ انتفاضۂ الاقصیٰ‘‘ منایا جائیگا، فلسطین فاؤنڈیشن

25 Sep 2017 21:54

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایل ایف کے رہنماؤں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے سنہ 61ء ہجری کے یزید اور یزیدی قوتوں کے سامنے قیام کیا تھا، جبکہ آج مظلوم فلسطینی امام عالی مقام کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے وقت کے یزید اور یزیدی قوتوں امریکا اور اسرائیل کے خلاف برسر پیکار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین سابق رکن قومی اسمبلی و رہنماء جماعت اسلامی مظفر ہاشمی، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، تحریک انصاف کے رہنماء اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء مولانا باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ عقیل انجم اور پی ایل ایف کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کی حمایت میں مسجد اقصیٰ کے دفاع کی خاطر جاری رہنے والی جدوجہد کی یاد میں ’’ہفتۂ انتفاضۂ الاقصیٰ‘‘ بائیس ستمبر تا تیس ستمبر تک منایا جا رہا ہے، اس عنوان سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں تشہیری مہم کے ساتھ ساتھ تصویری نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا اور گذشتہ برس فلسطینیوں کی تیسری تحریک انتفاضہ برائے آزادئ مسجد اقصیٰ کے عنوان سے تصویریں آویزاں کی جائیں گی۔

کراچی میں مشترکہ اجلاس کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ایل ایف کے رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین آج کی کربلا ہے، جبکہ امریکا اور اسرائیل وقت کے یزید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ محرم ہمیں حریت اور شجاعت مندی کا درس دیتا ہے اور ہمیں ظالم و جابر قوتوں اور یزیدی قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر مظلوموں کی حمایت کا ابدی درس بھی محرم الحرام کے مہینے سے ملتا ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے سنہ 61ء ہجری کے یزید اور یزیدی قوتوں کے سامنے قیام کیا تھا، جبکہ آج مظلوم فلسطینی امام عالی مقام کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے وقت کے یزید اور یزیدی قوتوں امریکا اور اسرائیل کے خلاف برسر پیکار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 671937

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/671937/دنیا-بھر-کی-طرح-پاکستان-میں-بھی-ہفتۂ-انتفاضۂ-الاقصی-منایا-جائیگا-فلسطین-فاؤنڈیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org