0
Tuesday 26 Sep 2017 21:51

تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق

تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے کراچی کے علاقے بہادرآباد میں متحدہ کے عارضی مرکز میں ملاقات کی، جس میں قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق کر لیا گیا۔ تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وفد کے ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی، جبکہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ارکان نے ہمیشہ قومی ایشوز پر رابطہ رکھا، بعض دفعہ پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کی اور ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کی قراردادوں کی حمایت کی، جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہم تیسری بڑی جماعت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پیپلز پارٹی کا ہے اور پیپلز پارٹی کا فرینڈلی اپوزیشن کا کردار رہا ہے، پیپلز پارٹی نے مسائل پر کبھی بات نہیں کی، جبکہ صوبائی اور وفاقی وسائل سے کچھ نہیں دیا اور عوامی مسائل پر سمجھوتا کیا گیا، صرف قومی اسمبلی میں ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں لوٹ مار اور ناانصافیوں کا بازار گرم ہے، جبکہ ملک میں بلاتفریق احتساب اور انصاف ہونا چاہئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے کئی امور پر تبادلہ خیال ہوا، جبکہ کسی کی ذات سے اختلاف نہیں ہے، خورشید شاہ سے احترام کا رشتہ ہے، لیکن خدشہ ہے کہ نیا مک مکا نہ ہو جائے اور ہم اس کی نذر نہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر بلدیاتی نظام نہ ہو تو معاملات بہتر نہیں ہو سکتے اور جب تک میئر کے اختیارات اور وسائل نہ ہوں، تو اس کا فائدہ کیا، جبکہ لوگوں کو ووٹ دینے کے بعد سہولیات نہ ملیں تو یہ ناانصافی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سراج الحق سے بات ہوئی ہے، ان سے قربت ہے اور خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی سے تعلق برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ چوہدری شجاعت سے بھی بات ہوئی ہے، ان کے پاس بھی جاؤں گا۔
خبر کا کوڈ : 672205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش