QR CodeQR Code

گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں، عدنان ریاض میر

27 Sep 2017 12:59

کوئٹہ میں چیف انجینئر (پلاننگ) کیسکو کا چینی وفد کیساتھ ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کئی منصوبے بھی زیر غور ہیں، جن میں انتہائی اہمیت کے حامل گوادر پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنا ہے، اس کیلئے پی سی۔ ون وفاق کو ارسال کیا جا چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گوادر کے ماسٹر پلان کے لئے چین کے وفد نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور ایک اجلاس میں شرکت کی۔ وفد کی قیادت گوادر کیلئے ایف ایچ ڈی آئی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مسٹر مینگ کر رہے تھے، جبکہ اُنکے ہمراہ مارکیٹنگ منیجر Ling Jianping، نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے افسران کے علاوہ صوبائی محکمہ توانائی سے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ کیسکو کی جانب سے چیف انجینئر (ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم) سجاد احمد سیٹھی، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ چوہدری محمد صدیق، چیف انجینئر پلاننگ عدنان ریاض میر، ڈائریکٹر جنرل (ایچ آر ایڈمن) سید عزیر علی حسنی اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کا مقصد مستقبل میں گوادر کی برقی ضروریات کا جائزہ لینا تھا۔ چیف انجینئر (پلاننگ) کیسکو عدنان ریاض میر نے چینی وفد کو کیسکو کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی میں 7000 ملازمین اور 6 آپریشن سرکل، جبکہ 31 اضلاع اور 14 آپریشن ڈویژن 5 لاکھ 90 ہزار صارفین کو بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔ اس وقت کیسکو مختلف ذرائع سے بجلی حاصل کر رہی ہے، جن میں گدو، اوچ، سبی، حبیب اللہ کوسٹل، تھرمل پاور دادو، خضدار، ڈیرہ غازی خان، لورالائی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کئی منصوبے بھی زیر غور ہیں، جن میں انتہائی اہمیت کے حامل گوادر پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنا ہے، اس کیلئے پی سی۔ ون وفاق کو ارسال کیا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں مکران میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے کئی گرڈ اسٹیشنز زیر تعمیر ہیں، جن میں اورماڑہ، ڈیپ سی پورٹ اور جیوانی گرڈ اسٹیشن پر کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مکران کو نیشنل گرڈ نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے بھی کام جاری ہے۔ چیف انجینئر پلاننگ کیسکو نے مزید کہا کہ سسٹم میں مزید بہتری اور وولٹیج کی کمی پر قابو پانے کیلئے دیگر نئے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں، جن میں نئے گرڈ اسٹیشنز، ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ توانائی کے منصوبوں کیلئے بہت سے موزوں مقامات موجود ہیں۔ مذکورہ مقامات پر نئے منصوبے شروع کرکے بجلی کی قلت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں گوادر شہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ Mr. Meng Quanquan نے گوادر کو بجلی کی فراہمی کے لئے کیسکو کی کاوشوں کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 672365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/672365/گوادر-میں-بجلی-کی-بلا-تعطل-فراہمی-کیلئے-ہمہ-وقت-کوشاں-ہیں-عدنان-ریاض-میر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org