0
Wednesday 27 Sep 2017 17:56

عزاداری روکنے کی کوشش ہمارے بنیادی عقیدے پر حملہ تصور ہوگا، زاہد مہدی

عزاداری روکنے کی کوشش ہمارے بنیادی عقیدے پر حملہ تصور ہوگا، زاہد مہدی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ چیف سکاوٹ زاہد مہدی نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خانیوال، فیصل آباد، چکوال سمیت دیگر مقامات پر جلوس اور مجالس پر پابندی پر ملت تشیع پاکستان کو تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگِ حیات ہے، ہم عزاداری کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے، اگر عزاداری پر کوئی آنچ بھی آئی تو ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے عزاداری پر پابندی کو قابل افسوس عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عزاداری نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، ہم اس سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، ہم اپنی جانیں تو قربان کر سکتے ہیں، لیکن عزاداری پر قدغن ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ تکفیری اور دہشتگرد چاہتے ہیں کہ ملک میں عزاداری نہ ہو لیکن ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، پاکستان میں مکتب تشیع وہ واحد مکتب ہے، جس نے قیام امن کیلئے نہ صرف بیش بہا قربانیاں دی ہیں، بلکہ اس کے امن کو برقرار رکھنے کیلئے بھی بھرپور محنت و تگ و دو کی ہے، وطن سے محبت اور عشق، وطن کی حفاظت کا جذبہ اس مکتب میں دیگر کے مقابلے میں کہیں زیادہ بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو بہرحال اس مکتب کی ان قربانیوں اور کوششوں کو ملحوظ رکھنا چاہیئے، انہیں چاہیئے کہ عزاداری سیدالشہدا کو برپا کرنے میں تعاون کریں، نہ کہ اس میں حائل ہوں، عزاداری سیدالشہدا اسلام کی بقا کی ضامن ہے۔ زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ عزاداری سیدالشہدا کو محدود کرنے یا اسے روکنے کی کوئی بھی کوشش ہمارے بنیادی عقیدے پر حملہ ہوگا، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 672442
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش