0
Wednesday 27 Sep 2017 22:38

بلاول بھٹو کی خورشید شاہ کیخلاف تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے اتحاد کی شدید مذمت

بلاول بھٹو کی خورشید شاہ کیخلاف تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے اتحاد کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے خلاف تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے اتحاد کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی کوشش کو پارلیمان اور اس کی قوت پر حملہ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خورشید شاہ نے پارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا اور ہر بحران کے دوران اس کے تقدس کی حفاظت کی، جس سے پارلیمینٹ اور جمہوریت کے اسٹیک ہولڈرز کو خطرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سید خورشید احمد شاہ کی حکمت عملی اور کاوشیں تھیں کہ جس کے باعث پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم دونوں اس وقت پارلیمان میں بیٹھی ہوئی ہیں اور پارلیمانی نظام کی جڑوں پر کلہاڑا مارنے کے باوجود وہ اس کی مراعات سے مستفیض ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو ریموٹ کنٹرولڈ کوششوں کے ذریعے حزب اختلاف میں اکثریت حاصل کرنا چاہتے ہیں، حقیقتاً جمہوری نظام کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان کو چیف الیکشن کمشنر، چیئرمین نیب اور نگران حکومت کی مقرری کے متعلق حاصل اختیارات کو کسی فرد یا گروہ کی خواہشات کی بنیاد پر تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی اچانک پینگیں بڑھانے پر پوری قوم شش و پنج کی حالت میں ہے، کیونکہ ابھی کچھ عرصہ پہلے تک دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف دست و گریباں تھیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ نے پارلیمان کی بالاستی کیلئے محنت کی ہے اور اپنی فہم و فراست سے اس کی خودمختیاری کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اور حزب اختلاف میں موجود سچے جمہوریت پسند آزمائش کی ہر گھڑی میں سید خورشید احمد شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور بطور قائد حزب اختلاف ان کی کارکردگی شاندار ہے اور پی پی پی کی جمہوری جدوجہد کیلئے باعثِ فخر ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان قومی اسمبلی میں نیا قائد حزب اختلاف لانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 672506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش