QR CodeQR Code

کراچی اور حیدرآباد کی سینٹرل جیلوں کو آبادی سے باہر منتقل کرنیکا فیصلہ زیر غور

28 Sep 2017 11:26

جیل اہلکاروں کی 13 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ کراچی جیل سے قیدیوں کے فرار کا واقعہ جیل افسران کی غفلت کا نتیجہ ہے، واقعے کے بعد کراچی سینٹرل جیل سے اب تک 139 قیدیوں کو حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کی جیلوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی اور حیدرآباد کی سینٹرل جیلوں کو آبادی سے باہر منتقل کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کے تحت کراچی کیلئے ویسٹ ایریا میں اور حیدرآباد کیلئے ٹھٹھہ کے قریب جھرک کے مقام پر ہائی سیکیورٹی رسک جیل کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پریژن اسٹاف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ایٹ نارا جیل میں تربیت حاصل کرنیوالے 98 جیل اہلکاروں کی 13 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات سندھ ضیاالحسن لنجار کہتے ہیں کہ کراچی جیل سے قیدیوں کے فرار کا واقعہ جیل افسران کی غفلت کا نتیجہ ہے، لیکن ہر افسر نااہل نہیں ہوتا، غفلت کے مرتکب جیل افسران کو برطرف کرنے کیلئے چیف سیکریٹری کو سفارشات بھجوا دی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ غفلت کے مرتکب 11 افسران کو عہدوں سے ہٹایا اور مزید کارروائی بھی کر رہے ہیں، تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ واقعے کے بعد ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کراچی سینٹرل جیل سے اب تک 139 قیدیوں کو حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کی جیلوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں نفری کی کمی ہے، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کیلئے ڈھائی ہزار جیل اہلکار بھرتی کئے جائیں گے، جنہیں پاک فوج سے تربیت دلوائیں گے، جبکہ جیل اہلکاروں کی تنخواہیں بھی سندھ پولیس کے مساوی کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی سینٹرل جیلوں کو تھریڈ ہیں، اسی لئے سندھ کی تمام سینٹرل جیلوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر رکھی ہے اور نہ صرف اہلکاروں بلکہ افسران کی چھٹیاں بھی منسوخ ہیں، آئی جی جیل خانہ جات کو ان کے والد کی وفات پر بھی چھٹی نہیں ملی تھی۔


خبر کا کوڈ: 672608

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/672608/کراچی-اور-حیدرا-باد-کی-سینٹرل-جیلوں-کو-ا-بادی-سے-باہر-منتقل-کرنیکا-فیصلہ-زیر-غور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org