0
Thursday 28 Sep 2017 12:30

گوادر، تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ہیڈکوارٹرز کے تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا گیا

گوادر، تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ہیڈکوارٹرز کے تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پاک بحریہ کی تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب گوادر میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب گاہ آمد پر کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم نے مہمانِ خصوصی کا خیر مقدم کیا۔ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین پاک میرینز کا ایک آپریشنل جزو ہے، جسے مارچ 2013ء میں قائم کیا گیا۔ اس کے قیام کا مقصد گوادر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر شہر اور ساحلی علاقوں میں قائم حساس تنصیبات سمیت خشکی پر قائم بحری ڈھانچے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ یہ بٹالین اپنے حلقہء ذمہ داری میں اینٹی ایمفی بئیس آپریشنز اور قدرتی آفات کی صورت میں امدادی آپریشنز کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے گذشتہ سال دسمبر میں گوادر پورٹ اور ملحقہ بحری راستوں کی حفاظت کے لئے ٹاسک فورس 88 بھی قائم کی ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک منصوبوں کا استحکام اور ان سے حاصل ہونے والے یقینی فوائد اس عظیم منصوبے کے بحری جزو کی سکیورٹی سے ہی وابستہ ہیں، لٰہذا میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی اہم ذمہ داری ہے، جس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہوتا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے باعث پوری ساحلی پٹی اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مغربی ساحل پر قائم بحری اثاثوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ سی پیک کے بحری جزو کو بھی بھرپور سکیورٹی فراہم کرتے رہیں گے۔ نیول چیف نے گوادر اور اورماڑہ میں قائم پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کی عمارت کے تعمیراتی کام کے آغاز کی افتتاحی تقریب میں علاقے کی معزز شخصیات، پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں و دیگر مسلح افواج کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 672657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش