QR CodeQR Code

فیصل آباد، زرعی یونیورسٹی میں فلسفہ شہادت حضرت امام حسینؑ پر خصوصی سیمینار کا انعقاد

28 Sep 2017 22:13

ڈاکٹر اسحاق قریشی نے کہا کہ ہمیں واقعہ کربلا کو انتہائی کربناک اور تکلیف دہ لمحات کے طور پر پیش کرنے کے بجائے اس سے علم اور روشنی کشید کرنی چاہئے کہ ہم کس طرح مشکل صورتحال میں نواسہ رسولﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے ایمان اور عقائد کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 15 سالہ تقریبات کے سلسلہ میں سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام فلسفہ شہادت حضرت امام حسینؑ پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اقبال آڈیٹوریم میں قرأت و نعت کلب (سیرت چیئر) کے توسط سے منعقدہ سیمینار کے کلیدی مقرر پروفیسر ڈاکٹر اسحاق قریشی تھے، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ڈاکٹر اسحاق قریشی نے کہا کہ ہمیں واقعہ کربلا کو انتہائی کربناک اور تکلیف دہ لمحات کے طور پر پیش کرنے کے بجائے اس سے علم اور روشنی کشید کرنی چاہئے کہ ہم کس طرح مشکل صورتحال میں نواسہ رسولﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے ایمان اور عقائد کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اپنے خاندان کے ساتھ جنگ کی نیت سے کربلا نہیں گئے تھے، بلکہ یزید کی بیعت سے انکار کرکے انہوں نے اپنے لہو سے مستقبل میں اسی قماش کے جابر حکمرانوں کیلئے حکمرانی کا جواز ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا۔ پروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی سے ہمیں دین کے تحفظ پر سمجھوتہ نہ کرنے کا سبق ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ایک اچھا انسان بننے کیلئے خود احتسابی کو روزمرہ زندگی کا جزو لازم بنانا ہوگا۔ سیمینار سے ڈاکٹر طاہر صدیقی اور قرأت ونعت کلب (سیرت چیئر) کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 672686

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/672686/فیصل-آباد-زرعی-یونیورسٹی-میں-فلسفہ-شہادت-حضرت-امام-حسین-پر-خصوصی-سیمینار-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org