0
Friday 29 Sep 2017 10:32

لاہور، آٹھویں محرم کا مرکزی جلوس موری گیٹ سے برآمد، ہزاروں عزاداروں کی شرکت

لاہور، آٹھویں محرم کا مرکزی جلوس موری گیٹ سے برآمد، ہزاروں عزاداروں کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں آٹھویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس آج برآمد ہو رہے ہیں، چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور میں مرکزی جلوس موری گیٹ امام بارگاہ درحسینؑ سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سرکلر روڈ، انارکلی، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا شام کو واپس امام بارگاہ در حسینؑ موری گیٹ میں اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں جو نوحہ خوانی اور ماتم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، عزادروں کو سخت تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ جلوس کے راستے میں ملحقہ گلیوں کو خار دار تاریں اور قناتیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں نویں اور دسویں محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہوگی، جبکہ موبائل فون سروس بھی بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاہم ابھی تک اس کے بند کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ نہیں ہو سکا۔

پنجاب بھر میں ایک لاکھ 46 ہزار 696 اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، پاک فوج، ایف سی اور رینجرز کے 20 ہزار جوان بھی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ پنجاب میں نکلنے والے 8 ہزار 491 جلوسوں کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیٹیگری اے میں شامل 1221 جلوسوں کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ کیٹیگری بی میں ایک ہزار 846، سی کیٹیگری میں 5 ہزار 424 جلوس شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس مکمل طور پر چوکس ہے اور سکیورٹی کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے نگران بنایا گیا ہے جبکہ وہ خود اور سی سی پی او لاہور بھی سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے ہیں جبکہ کنٹرول روم میں بھی مکمل نگرانی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اس سال ڈرون کیمروں سے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 672833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش