0
Friday 29 Sep 2017 14:59

8 ویں محرم کے جلوس، کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل

8 ویں محرم کے جلوس، کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل
اسلام ٹائمز۔ 8 ویں محرم الحرام کے جلوسوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، سکھر اور سیالکوٹ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی سفارش پر کراچی میں موبائل فون سروس کو معطل کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ محرم الحرام کے جلوس کے روایتی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، ایم اے جناح روڈ اور اس سے ملحقہ گلیوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہر میں آج سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق بھی ہوگیا ہے، یہ پابندی 10 محرم الحرام تک رہے گی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے، خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے اور صحافی حضرات اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ دوسری جانب سکھر میں بھی موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ پنجاب کے اہم شہر سیالکوٹ میں بھی موبائل فون سروس بند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ موبائل فون سروس جزوی طور پر بند کی گئی ہے جس کے باعث جلوس کے راستوں والے علاقوں میں سگنلز نہیں آئیں گے لیکن دوسرے علاقوں میں فون کالز کی جا سکیں گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام سے تحریری طور پر درخواست کی تھی کہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی میں مخصوص وقت کے دوران موبائل فون سروس معطل کردی جائے، اس کے علاوہ 9 اور 10 محرم الحرام کو بھی بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 672895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش