0
Friday 29 Sep 2017 23:58

دہشتگردوں کا مقابلہ حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کرینگے، ثروت اعجاز قادری

دہشتگردوں کا مقابلہ حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کرینگے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسینؑ دین کی بقاء اور اسلامی اقدار کا تحفظ ہیں، تمام مظالم سہہ کر امام حسینؑ اور حضرت محمد مصطفیؐ کے خانوادہ نے دین محمدی کو تحریفِ یزیدیت سے بچایا، آزادی، تحفظ شریعت، احترام آدمیت، بیداری، زندگی، زبردستوں کو زیر کرنے کا پیغام حسینؑ ہے، ظالم و فاجر اور دین میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یزید کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر اورنگی ٹاؤن سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ظالم و جابر عوام کے حقوق غصب کرنیوالے حکمرانوں کے خلاف حق و صداقت کا پرچم بلند کیا جائے، جو قومیں حق کیلئے آواز بلند نہیں کرتیں یا حق کا ساتھ نہیں دیتیں، ان کا شمار بھی یزید کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی قربانی ایمان کی صداقتوں کو سب سے بڑا خراج عقیدت ہے، سیدنا امام حسینؑ نے لازوال قربانی دیکر ظالموں سے ٹکرانے اور آمروں پر چھا جانے کا حوصلہ عطا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کرینگے، سیدنا امام حسینؑ کے غلام ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے حسینی تلوار ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیدنا امام حسینؑ صبر و استقامت اور برداشت کے پیکر تھے، ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کیلئے حسینی فکر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 672985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب