0
Saturday 30 Sep 2017 10:08

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں 9ویں محرم الحرام کے جلوس کی تیاریاں، سخت سکیورٹی انتظامات

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں 9ویں محرم الحرام کے جلوس کی تیاریاں، سخت سکیورٹی انتظامات
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں آج 9 محرم اور کل یوم عاشور کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی، پشاور اور کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی، پنجاب میں یوم عاشور پر فوج اور رینجرز سے مدد طلب کی گئی ہے۔ مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہونگے، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کل 10 محرم الحرام کو اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے 9 اور 10 محرم الحرام کے روز فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 9 اور 10 محرم الحرام کو شہروں میں موبائل فون سروس مکمل بند رہے گی۔ ڈی آئی خان، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، بہاولنگر، ڈی جی خان میں بھی موبائل سروس بند رہیگی، محکمہ داخلہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ موبائل سروس آج جزوی طورپر جبکہ کل مکمل طور پر بند رہیگی۔
 
ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس جلوسوں کے روٹس پر بند رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ اسلام آباد میں نویں محرم کے جلوس کی وجہ سے اسلام آباد جی سکس سے ملحقہ علاقوں میں موبائل سروس جلوس کے خاتمہ تک بند رہے گی۔ پنجاب میں بھی امن و امان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔ لاہور، کراچی، پشاور، سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اور ڈی آئی خان جیسے حساس شہر میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ادھر سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق آج ہفتہ 9 محرم الحرام اور کل اتوار 10محرم الحرام کو بھی صوبے بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک معطل رکھی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 673028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش