0
Sunday 1 Oct 2017 10:03

حضرت امام حسین اور اہل بیت کی لازوال قربانی تمام دنیا اور بالخصوص عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے، گورنر سندھ

حضرت امام حسین اور اہل بیت کی لازوال قربانی تمام دنیا اور بالخصوص عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کربلا ہمیں تعداد میں کم ہونے کے باوجود باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے اور سر نہ جھکانے کا درس دیتی ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ کربلا معرکہ حق و باطل تھا جس کے دوران یزیدی لشکر اپنی کثیر تعداد اور تمام ظلم و ستم روا رکھنے کے باوجود ناکامی سے دوچار ہوا اور نواسہ رسول اکرم اپنی استقامت، بہادری اور شجاعت کے باعث تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین اور اہل بیت کی لازوال قربانی تمام دنیا اور بالخصوص عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے اور عاشور اس قربانی کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے اسلام دشمن اور باطل قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے محرم کے جلوسوں کی کڑی نگرانی کے ساتھ ساتھ تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور مساجد کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا بھی دو عشروں کی طویل مدت کے بعد کراچی میں محرم کی مجالس سے خطاب کر رہے ہیں جو کہ دراصل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی زبردست کاوشوں کو خراج تحسین ہے۔ گورنر سندھ نے عوام پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ ملک دشمن قوتوں کی ہر قسم کی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 673290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش