0
Sunday 1 Oct 2017 20:58
الوداع اے حسینؑ الوداع۔۔۔۔ اے فاطمہ کے چین الوداع

لاہور، یوم عاشور کا نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا

لاہور، یوم عاشور کا نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس گزشتہ رات نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی برآمدگی سے قبل نثار حویلی میں مجلس عزاء برپا ہوئی جس میں علماء و ذاکرین نے مصائب آل محمد بیان کئے۔ مجلس کے بعد جلوس برآمد ہوا جو حویلی واجد علی شاہ سے عزاخانہ پہنچا، عزا خانہ سے چوک نواب صاحب، امام بارگاہ اکبر شاہ، اور وہاں سے لال کھوہ اور امام بارگاہ باب الحوائج پہچنا۔ موچی گیٹ میں نما فجر کے بعد زنجیر زنی کی گئی جس کے بعد جلوس چوک نواب صاحب سے ہوتا ہوا چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار سے رنگ محل پہنچا۔ رنگ محل چوک میں علامہ سید حیدر علی موسوی کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی گئی۔ پھر جلوس صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا، تحصیل بازار، بازار حکیماں، سوہا بازار، شاہ عالم مارکیٹ، پانی والا تالاب، اکبری منڈی، ترنم ناز سینما چوک سے گزرتا ہوا فقیر خانہ پہنچا، جہاں سے بھاٹی گیٹ سے باہر آ کر کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے راستے میں عزاداروں کیلئے پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔ جلوس میں شریک لاکھوں عزادار جگہ جگہ زنجیر زنی، ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ جلوس کے روٹ پر نیاز امام حسینؑ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ جلوس کی سکیورٹی کیلئے 11 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور تھے، شرکا کی داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹر سے چیکنگ کی گئی اور جلوس کی طرف جانیوالے راستے کنٹینر، خاردار تاریں اور ٹینٹ لگا کر بند کر دیئے گئے تھے، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کی گئی۔ پولیس کے ساتھ پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے سیکڑوں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے تھے جن سے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہا۔ جلوس کے روٹ کے آس پاس موبائل فون سروس بھی معطل رکھی گئی جبکہ چھتوں پر خصوصی سنائپر تعینات کئے گئے تھے۔ جلوس کربلا گامے شاہ پہنچا تو آغا شاہ حسین قزلباش نے دعا کروائی۔ جبکہ اس وقت مجلس شام غریباں جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 673398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش