0
Monday 2 Oct 2017 11:57

واقعۂ کربلا کسی فرد، گروہ یا قوم کے مفادات کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے وقوع پذیر ہوا ہے، قمر عباس

واقعۂ کربلا کسی فرد، گروہ یا قوم کے مفادات کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے وقوع پذیر ہوا ہے، قمر عباس
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے کہا ہے کہ بلاشبہ متعدد پہلوؤں کا حامل عاشورا کا عظیم سانحہ انسانیت کیلئے ایک عظیم سرمایہ ہے، کیونکہ یہ سرمایہ فرزند رسول خدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا اور اطفال حسینی کی بے مثال شہادتوں کے ذریعے حاصل ہوا ہے۔ سندھ کے شہر حیدرآباد میں چانڈیہ گوٹھ یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس عزاء میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے قمر عباس جتوئی نے کہا کہ واقعۂ کربلا کسی فرد یا گروہ کے ذاتی مفادات اور حتی قومی مفادات کیلئے بھی وقوع پذیر نہيں ہوا، بلکہ یہ واقعہ اور امام حسین علیہ السلام اور ان کے دلیر ساتھیوں کی شہادت ایک مکتب ہے کہ جس میں تمام انسانیت کیلئے توحید، امامت، امربالمعروف اور نہی عن المنکر، حقیقت طلبی، ظلم کے خلاف جنگ، انسانی کرامت و عزت اور اس جیسے دیگر دروس اور اہداف ہیں کہ جنہیں حاصل کرنا چاہئے، اگر یہ انسان ساز مکتب، نسل در نسل انسانوں میں منتقل ہوتا رہے، تو پوری انسانیت کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔

قمر عباس جتوئی نے کہا کہ آئمہ اطہار علیہم السلام نے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری منانے پر تاکید کرتے ہوئے ان مراسم کو عوام میں اتحاد و وحدت اور اسلام کی اعلیٰ اقدار کی ترویج کا محور قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے کہ آج ایام محرم میں کروڑوں انسان نسلی امتیاز، طبقہ بندی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سید الشھداء مظلوم کربلا کی عزاداری مناتے ہيں اور حسینی پرچم تلے جمع ہوتے ہيں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے کروڑوں ولولہ انگيز اور پرجوش عوام نے اسلامی انقلاب کی عظیم الشان تحریک کے دوران محرم و صفر میں خاص طور پر نو اور دس محرم کو ایک عظیم طاقت کا مظاہرہ کیا، جس نے طاغوتوں کو لرزہ بر اندام کر دیا اور جس نے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کو محور قرار دینے کی ائمہ اطہار علیھم السلام کی تاکید کو واضح اور روشن کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 673548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش