0
Monday 2 Oct 2017 16:57

امریکہ، لاس ویگاس میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے 50 افراد ہلاک، 200 زخمی

امریکہ، لاس ویگاس میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے 50 افراد ہلاک، 200 زخمی
اسلام ٹائمز۔ امریکی شہر لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے 50 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں فائرنگ سے 50 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، واقعہ کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ امریکی پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے اس کا نام اسٹیفن پیڈوک بتایا ہے، جس کی عمر 64 سال تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مقامی شہری تھا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ برطانوی میڈیا نے اسٹیفن پیڈوک کی مبینہ تصویر بھی شائع کی ہے۔

امریکی پولیس نے حملہ آور کی ساتھی اور مطلوب خاتون ماریلو ڈینلے کی تصویر جاری کرکے عوام سے اس کی گرفتاری میں مدد دینے کی اپیل بھی کی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منڈالے بے کیسینو اور ہوٹل کے احاطے میوزک کنسرٹ جاری تھا کہ ایک مسلح شخص نے ہوٹل کی 32 ویں منزل سے نیچے موجود ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خوفزدہ شائقین جان بچانے کے لئے کنسرٹ کو چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، جبکہ پیچھے سے فائرنگ اور گولیوں کی تڑتڑاہٹ کی آوازیں آرہی ہیں۔ دوسری جانب حکام نے شہر میں سکیورٹی بڑھا دی ہے، جبکہ لاس ویگاس ائر پورٹ کو بند کرتے ہوئے پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 673620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے