QR CodeQR Code

کردستان کی عراق سے آزادی کیلئے ہونیوالے ریفرنڈم پر پاکستان کو تشویش ہے

پاکستان عراق کے اتحاد، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، نفیس زکریا

2 Oct 2017 12:00

گذشتہ ماہ 25 ستمبر کو عراق میں کردوں نے بغداد سے آزادی کیلئے ایک ریفرنڈم کا انعقاد کیا تھا۔ عراق سے آزادی کیلئے ووٹنگ کا عمل خود مختار کردستان کے تین صوبوں سمیت بغداد کے زیرکنٹرول چند متنازع علاقوں میں عراق، ایران، ترکی اور دنیا کے کئی ممالک کی شدید مخالفت کے باجود منعقد کروایا گیا، جس میں 72 فی صد عوام نے حصہ لیا اور 92.73 فیصد نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے حال ہی میں کردستان کی عراق سے آزادی کے لئے منعقدہ ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے اتحاد، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کو ستمبر میں کردستان کی عراق سے آزادی کے لئے منعقدہ ریفرنڈم پر تشویش ہے۔ نفیس زکریا نے ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف یہ ریفرنڈم عراقی آئین کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اس وجہ سے اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، دوسری جانب یہ عراق اور پورے خطے کے امن اور سلامتی کے لئے بھی ایک چیلنج ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 25 ستمبر کو عراق میں کردوں نے بغداد سے آزادی کے لئے ایک ریفرنڈم کا انعقاد کیا تھا۔

عراق سے آزادی کے لئے ووٹنگ کا عمل خود مختار کردستان کے تین صوبوں سمیت بغداد کے زیرکنٹرول چند متنازع علاقوں میں عراق، ایران، ترکی اور دنیا کے کئی ممالک کی شدید مخالفت کے باجود منعقد کروایا گیا، جس میں 72 فی صد عوام نے حصہ لیا اور 92.73 فیصد نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا۔ کرد حکام کا کہنا ہے کہ وہ ترکی اور وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی معاشی پابندیوں کا سامنا کرسکتے ہیں، کیونکہ ان کے پاس توانائی کی پیداوار اور ایندھن کی وافر سپلائی موجود ہے، جبکہ ان کی زمینیں بھی بہت زرخیز ہیں۔ دوسری جانب عراق کی وزارت ٹرانسپورٹ نے بین الاقوامی فضائی کپمنیوں کو کردستان کے دارالحکومت اربیل اور دوسرے بڑے شہر سلیمانیہ کے لئے پروازیں معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ مذکورہ ریفرنڈم پر ترکی نے بھی تشویش کا اظہار کیا، جسے اپنے ملک میں کرد اقلیت کی جانب سے علیحدگی پسند تحریک کا سامنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 673630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/673630/پاکستان-عراق-کے-اتحاد-خود-مختاری-اور-علاقائی-سالمیت-کی-مکمل-حمایت-کرتا-ہے-نفیس-زکریا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org