QR CodeQR Code

ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کیلئے حسینی فکر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ثروت اعجاز قادری

2 Oct 2017 23:32

مرکز اہلسنت میں منعقدہ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ سیدنا امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں پوری انسانیت کی بقاء اور ظلم و اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے عظیم قربانی دی، امام حسینؑ نے ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور مظلوموں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا پیغام دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی ایمان کی صداقتوں کو سب سے بڑا خراج عقیدت ہے، سیدنا امام حسینؑ نے لازوال قربانی دے کر ظالموں سے ٹکرانے اور ڈکٹیٹروں پر چھا جانے کا حوصلہ عطا کیا، اسلام کے خلاف انگلی اٹھانے والے دہشتگرد یزید کے پیروکار ہیں، دہشتگردوں کا مقابلہ حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کرینگے، باطل کے سامنے حق ڈٹ جاتا ہے اور ہمیشہ فتح حق کی ہوئی ہے، 65 ہزار پاکستانیوں کو دہشتگردی کا ایندھن بنانے والے یزید کے پیروکار ہمیں ختم تو کر سکتے ہیں، مگر ہمارے دلوں سے اہلبیتؑ کی محبت نہیں نکال سکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت میں منعقدہ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیدنا امام حسینؑ صبر و استقامت اور برداشت کے پیکر تھے، ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کیلئے حسینی فکر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سیدنا امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں پوری انسانیت کی بقاء اور ظلم و اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے عظیم قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند نہ کرنے والوں کا شمار بھی ظالموں کے ساتھ ہوتا ہے، حضرت امام حسینؑ نے ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور مظلوموں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا پیغام دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر، برداشت، رواداری اور محبت بانٹنے کا پیغام دیتا ہے، فرقہ واریت پھیلانے والے ملک اور اسلام دشمن ہیں، ایسے عناصر کی ہر سطح پر سرکوبی ہونی چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 673713

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/673713/ظالم-کے-سامنے-ڈٹ-جانے-کیلئے-حسینی-فکر-کو-اجاگر-کرنے-کی-ضرورت-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org