QR CodeQR Code

جمعہ 6 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا

اہلسنت کی 30 جماعتوں نے تحریک ختم نبوت چلانے کا اعلان کر دیا

3 Oct 2017 18:46

جامعہ رضویہ فیصل آباد میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ الیکشن امیدوار کے حلف نامے میں ختم نبوت والی شق میں لفظی ترمیم ناقابل برداشت ہے، حکومت کی قادیانیت نوازی کھل کر سامنے آ گئی ہے، حکومت نے الیکشن ریفارمز کی آڑ میں ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ اقدام (ن) لیگی حکومت کا سیاہ کارنامہ ہے، عاشقان رسول ختم نبوت کے ایمانی معاملے میں خاموش نہیں رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہمتمام جامعہ رضویہ فیصل آباد میں منعقدہ 30 اہلسنت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اصلاحات بل میں الیکشن امیدوار کے حلف نامے میں ختم نبوت والی شق میں تبدیلی ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے، حکومت کی قادیانیت نوازی کھل کر سامنے آ گئی ہے، حلف نامے کے پرانے الفاظ بحال ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلف نامے میں "میں صدق دل سے قسم اٹھاتا ہوں" کو ختم کرکے "میں اقرار کرتا ہوں" میں تبدیل کرنا حکومتی بدنیتی ہے، اس ترمیم کا مقصد قادیانیوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت جماعتیں حکومت کے اس دین دشمن اقدام کیخلاف جمعہ 6 اکتوبر کو ملک گیر " یوم احتجاج " منائیں گی، اہلسنت جماعتیں حکومت کو الٹی میٹم دیتی ہیں کہ پرانا حلف نامہ بحال نہ ہوا تو حکومت کیخلاف تحریک ختم نبوت شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قادیانی و سیکولر لابی کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملہ کیا ہے۔

اہلسنت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس جامعہ رضویہ میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جماعت اہلسنت، مرکزی جمعیت علماء پاکستان، نیشنل مشائخ کونسل، انجمن طلباء اسلام، پاکستان فلاح پارٹی، مصطفائی تحریک، تنظیم المساجد پاکستان، تنظیم اتحاد امت، تحفظ ناموس رسالت محاذ، شیران اسلام، سنی علماء بورڈ، جانثاران ختم نبوت، تحریک فروغ اسلام، سنی یوتھ ونگ، انجمن خدام الاولیاء، انجمن طلباء مدارس عربیہ، سنی تنظیم القراء، مرکزی مجلس چشتیہ، انجمن فدایان مصطفے، سنی جانثار، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، بزم محدث اعظم، آل پاکستان علماء و مشائخ کونسل، تحریک فروغ فکر رضا، غوثیہ مشن انٹرنیشل، سنی فاؤنڈیشن اور دوسری جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت نے الیکشن ریفارمز کی آڑ میں ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ اقدام (ن) لیگی حکومت کا سیاہ کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشقان رسول ختم نبوت کے ایمانی معاملے میں خاموش نہیں رہیں گے، ن لیگی حکومت غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے ملک کو سیکولر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، جماعت اہلسنت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، حکومت کو ختم نبوت کی شق کو چھیڑنا مہنگا پڑے گا، حکومت نے بہت باریکی سے حلف نامے کو غیرموثر بنایا ہے۔ انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر نعمان الجبار نے کہا کہ حکومت فی الفور الیکشن امیدوار کے حلف نامے میں لفظی تبدیلی واپس لے، ایسا نہ کیا گیا تو ملک بھر کے طلباء سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امانت علی زیب نے کہا کہ حلف اور اقرار میں بہت فرق ہے۔ انتخابی اصلاحات بل کو مسترد کرتے ہیں۔ اجلاس سے مفتی محمد حبیب قادری، بیرسٹر حسین رضا، پیر میاں غلام مصطفے، مفتی مقیم خان، مولانا محمد اکبر نقشبندی، علامہ حامد سرفراز، پیر معاذ المصطفے قادری، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ عبداللہ ثاقب، علامہ ارشد جاوید مصطفائی، سید جواد الحسن کاظمی، مفتی وسیم رضا، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، صاحبزادہ حسن رضا، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 673902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/673902/اہلسنت-کی-30-جماعتوں-نے-تحریک-ختم-نبوت-چلانے-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org