0
Thursday 5 Oct 2017 20:32

کراچی، پولیس مقابلے میں ہلاک دہشتگرد وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ پر حملے کا سہولت کار نکلا

کراچی، پولیس مقابلے میں ہلاک دہشتگرد وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ پر حملے کا سہولت کار نکلا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گزشتہ رات پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والا دہشتگرد پنجاب کے مقتول وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر حملے کا سہولت کار نکلا۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں خواجہ اجمیر نگری کے قریب پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کارروائی کی اور اس دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ ایس ایس پی عرفان بلوچ کے مطابق دہشتگرد کو نارتھ کراچی میں ڈبلیو 22 کے اسٹاپ کے قریب ہلاک کیا گیا، جبکہ اس دوران اس کے 2 ساتھی دہشتگرد فرار ہوگئے۔ خواجہ اجمیر نگری میں مارے گئے دہشتگرد کی شناخت سعد سرخان کے نام سے ہوئی ہے، جو ہری پور کا رہنے والا تھا اور کراچی میں ڈیفنس میں رہائش پذیر تھا۔ مارا گیا دہشتگرد کالعدم پنجابی طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی سمیت دیگر کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ کام کرتا رہا۔ اسی دہشتگرد نے پنجاب کے مقتول وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر حملے کیلئے خودکش جیکٹ پہنچائی تھی۔ دہشتگرد سعد سرخان ہری پور سیشن عدالت میں فائرنگ سمیت پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق دہشتگرد کے قبضے سے 4 دستی بم، 6 پستول، رائفل، 7 ایم ایم رائفل اور آوان بم بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ 16 اگست 2015ء کو اٹک میں اپنے گاﺅں شادی خان میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 674473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش