0
Thursday 5 Oct 2017 22:22

بلوچستان، جھل مگسی کی درگاہ فتح پور میں خودکش دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی، 40 سے زائد شدید زخمی

بلوچستان، جھل مگسی کی درگاہ فتح پور میں خودکش دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی، 40 سے زائد شدید زخمی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں درگاہ فتح پور میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جھل مگسی میں واقع درگاہ فتح پور کے مرکزی دروازے پر دھماکہ ہوا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ کے مطابق پولیس نے خودکش حملہ آور کو درگاہ کے اندر جانے سے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی جاں بحق ہوا۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے درگاہ کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد ڈیرہ مراد جمالی اور سبی کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی تعداد 40 سے زائد ہوچکی ہے، جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ جمعرات کا دن ہونے کی وجہ سے درگاہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ درگاہ میں عرس جاری تھا اور اسی دوران دھماکہ ہوا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ جائے وقوع پر موجود ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اسد اللہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ بظاہر دھماکہ خودکش تھا، تاہم اس کی حتمی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ یاد رہے 13 نومبر 2016ء کو بھی بلوچستان کے علاقے خضدار میں شاہ نورانی کے مزار پر خودکش دھماکہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 52 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 674486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش