QR CodeQR Code

فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کیلئے احتجاج بھی کرنا پڑا تو کریں گے، عمران خان

6 Oct 2017 19:11

عمران خان کا یہ کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کے پیسے خرچ نہ کئے جانے سے عوام بہت پیچھے رہ گئے ہیں، فاٹا میں کوئی نظام نہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ فاٹا اصلاحات پر جلد از جلد عملد ر آمد کراکے قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کیلئے احتجاج سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جے یو آئی (ف ) کے مفتی سجاد کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمن نے فاٹا اصلاحات کے معاملے کو متنازعہ بنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محمود اچکزئی ہمیشہ افغانستان کے مفاد کی بات کرتے ہیں، انہیں فاٹا سے کوئی سروکار نہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئر مین کا یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات پر عملد رآمد نہ کرنا دہشت گردوں کو ایک بار پھر ان علاقوں میں آنے کی دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کے لئے موجودہ وقت مناسب ترین ہے۔ عمران خان نے اس موقع پر فاٹا سیکرٹریٹ پر بھی شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ کرپشن کا گڑھ ہے اور اس ادارے میں نوکریاں بکتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کے پیسے خرچ نہ کئے جانے سے عوام بہت پیچھے رہ گئے ہیں، فاٹا میں کوئی نظام نہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ فاٹا اصلاحات پر جلد از جلد عملد ر آمد کراکے قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 674620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/674620/فاٹا-کے-خیبر-پختونخوا-میں-انضمام-کیلئے-احتجاج-بھی-کرنا-پڑا-کریں-گے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org